شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو د ن رات عوام کی خدمت پر مبارکباد دیتا ہوں: وزیراعظم،جب تک مائیک یا میز نہ ٹوٹے شہباز شریف کی تقریر مکمل نہیں ہوتی: نواز شریف،شہباز شریف کا پرجوش خطاب، احتجاج کرنے والوں پر کڑی تنقید، حاضرین کی بھرپور داد

ہفتہ 10 مئی 2014 07:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مئی۔2014ء)وزیراعظم محمد نواز شریف نے قائداعظم سولر پارک میں ایک سو میگاواٹ کے سولر پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح شہباز شریف محنت سے شبانہ روز کام کر رہے ہیں میں انہیں اور پنجاب حکومت کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے اپنے خطاب کے آغاز میں لطیف پیرائے میں کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے انتہائی پرجوش تقریر کی ہے لیکن ان کی تقریر کے دوران آج کوئی مائیک ٹوٹا ہے نہ کوئی میز۔ اور جب تک ان میں سے کوئی چیز نہ ٹوٹے شہباز شریف کی تقریر مکمل نہیں ہوتی۔جس پر وزیراعلیٰ شہباز شریف سمیت تمام حاضرین مسکرا دیئے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے قائداعظم سولر پارک میں 100 میگاواٹ کے سولر پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے دوران انتہائی پرجوش انداز میں خطاب کیا۔ ان کے خطاب کے دوران حاضرین نے بھرپور تالیاں بجا کر داد دی۔ خصوصاً جب وزیراعلیٰ نے 11 مئی کے احتجاج کو 18 کروڑ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف احتجاج قرار دیا تو لوگوں نے کھڑے ہو کر بھرپور تالیاں بجائیں۔