محسن خان کی نیوز کانفرنس سے دکھ ہوا ، کوچز کے انتخاب میں تجربے کی بنیاد پر وقار یونس کو محسن خان پر ترجیح دی،ظہیر عباس،وقار یونس دستیاب کوچز میں بہترین انتخاب ہیں اور اس عمل میں میرٹ کا خیال رکھا گیا، انتخاب عالم

ہفتہ 10 مئی 2014 07:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مئی۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انتخاب عالم اور چیرمین پی سی بی کے مشیر ظہیر عباس نے محسن خان کی جانب سے گزشتہ روز کی گئی پریس کانفرنس پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ محسن خان کی نیوز کانفرنس سے دکھ ہوا جبکہ کوچز کے انتخاب میں تجربے کی بنیاد پر وقار یونس کو محسن خان پر ترجیح دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیرمین پی سی بی کے مشیر ظہیر عباس نے کہا کہ کوچز کے انتخاب میں میرٹ کا خیال رکھا گیا اورمحسن خان نے اس حوالے سے جو پریس کانفرنس کی اسے دیکھ کردکھ ہوا حالانکہ وہ ایک سمجھ دار شخص ہیں اور انہیں ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انتخاب عالم نے اپنے بیان میں کہا کہ محسن خان کو ایسی باتیں نہیں کرنا چاہئیں تھیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وقار یونس دستیاب کوچز میں بہترین انتخاب ہیں اور اس عمل میں میرٹ کا خیال رکھا گیا۔ انتخاب عالم نے بتایا کہ ٹیم کے لیے کوچز اور دوسرے اسٹاف کا اعلان بھی آئندہ چند روز میں کردیا جائے گا۔واضح رہے پی سی بی کی جانب سے وقار یونس کو ہیڈ کوچ بنائے جانے پر محسن خان نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور گزشتہ روز پریس کانفرنس میں وقار یونس کی تقرری کو قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف قرار دیا۔ انہوں نے وزیراعظم سے نوٹس لینے کے مطالبے کے ساتھ ضرورت پڑنے پر عدالت جانے کا بھی اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :