کسی بھی کھلاڑی کی قیادت میں کھیلنے کو تیار ہیں۔ اگر انہیں موقع دیا گیا تو وہ اپنے انداز سے کپتانی کریں گے، احمد شہزاد

ہفتہ 10 مئی 2014 07:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مئی۔2014ء)پاکستانی بیٹسمین احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی کھلاڑی کی قیادت میں کھیلنے کو تیار ہیں۔ اگر انہیں موقع دیا گیا تو وہ اپنے انداز سے کپتانی کریں گے۔ دورہ سری لنکا کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چوتھے روز بھی جاری ہے۔ کیمپ کے دوران قومی بلے باز احمد شہزاد نے میڈیا سے بات چیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو مل کر کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔

(جاری ہے)

کپتانی کے سوال کے جواب میں انہوں نے فراخدلی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی کپتان مقرر ہوا وہ اس کے ساتھ خوشی کے ساتھ کھیلیں گے لیکن اگر انہیں موقع فراہم کیا گیا تو یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہو گی۔ انہوں نے اپنے انداز میں کپتانی کرنے کا دعوی بھی کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے احمد شہزاد نے اطلاع دی کہ انہوں نے قومی ٹیم کے کیمپ کی خاطر کئی غیر ملکی کرکٹ کھیلنے کی آفرزکو ٹھکرایا ہے۔ احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس بہتر بنانے کا بہترین موقعہ ملے گا۔