نئے کلینڈر سال کے آغاز پر ہی کراچی اسٹاک مارکیٹ نے نیا ریکارڈ قائم کرلیا،کے ایس ای 100 انڈیکس 32400کی سطح کو عبور کرکے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، 58 ارب سے زائد روپے کے اضافے سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 74 کھرب روپے سے تجاوز کرگیا ، کاروبار لین دین بدھ کی نسبت 3 کروڑ شیئرز زائد رہا

جمعہ 2 جنوری 2015 09:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 جنوری۔2015ء)نئے کلینڈر سال کے آغاز پر ہی کراچی اسٹاک مارکیٹ نے نیا ریکارڈ قائم کرلیا، کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس 32400کی سطح کو عبور کرکے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، 58 ارب سے زائد روپے کے اضافے سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 74 کھرب روپے سے تجاوز کرگیا جبکہ کاروبار لین دین بدھ کی نسبت 3 کروڑ شیئرز زائد رہا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان غالب رہا ،اسٹاک ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی کے بعد ملک میں افراط زر اور شرح سود کم ہونے کی توقعات اورسیمنٹ، آئی پی پی اور فرٹیلائز سیکٹرز کو اس کا فائدہ پہنچنے کے امکانات پر ان شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا ۔

(جاری ہے)

سال2014 ء کا اختتام مثبت ہونے کا باعث نئے سال کے آغاز پر بھی ملکی سرمایہ کار متحرک رہے۔

ماہرین کے مطابق مالیاتی نتائج کا امید سے بڑھ کر آنا مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کو آئندہ برقرار رکھ سکتا ہے جبکہ انویسٹرز کا خیال ہے کہ کرسمس اور نئے سال کی چھٹیوں پر گئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نئے کاروباری ہفتہ کے آغاز پرواپسی مارکیٹ کے درست سمت کا تعین کرے گی لیکن نئے سال کلینڈر سال کے آغاز پر رونما ہونے والی تیزی نے اسٹاک مارکیٹ کو تاریخ کی بلند سطح پر پہنچا کر ایک نیا ریکارڈ ضرور قائم کردیا ہے۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کے باعث ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس32400,32300,32200اور 32500پوائنٹس کی 4 بالائی حدوں کوعبور کرتا ہوا 32503.80 پوائنٹس کی سطح پر جاپہنچا تاہم کاروبار کے اختتام تک انڈیکس 32500 پوائنٹس کوبرقرارنہ رکھ سکا لیکن اس کے باوجود نئے ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہا۔ جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 349.07 پوائنٹس کااضافہ ریکارڈ کیاگیا جس سے 100 انڈیکس 32131.28 پوائنٹس سے بڑھ کر 32480.35 پوائنٹس پربند ہوا اسی طرح 262.94 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 21034.49 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 23397.91 پوائنٹس سے بڑھ کر 23583.50 پوائنٹس پر جاپہنچا ۔

کاروبار ی تیزی کے ساتھ مارکیٹ کے سرمائے میں 58 ارب 56 کروڑ35 لاکھ 51 ہزار 298روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کامجموعی سرمایہ 73 کھرب 80 ارب 53 کروڑ 17 لاکھ 44 ہزار 537 روپے سے بڑھ کر 74 کھرب 39 ارب 9 کروڑ52 لاکھ 95 ہزار 835 روپے ہوگیا۔ جمعرات کومارکیٹ میں 23 کروڑ 1 لاکھ 35 ہزار حصص کاکاروبار ہوا اورٹریڈنگ ویلیو12 ارب روپے تک محدود رہاجبکہ بدھ کے روز 20 کروڑ29 لاکھ 9 ہزار حصص کاکاروبار ہوا تھا لیکن ٹریڈنگ ویلیو13 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کومجموعی طور پر 349 کمپنیوں کاکاروبار ہوا جس میں سے 234 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 95 میں کمی اور 20کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے لافارج پاک 1 کروڑ 91 لاکھ، میپل لیف سیمنٹ 1 کروڑ 79 لاکھ، جہانگیر صدیق کمپنی 1 کروڑ64 لاکھ، ٹی آرجی پاک لمیٹڈ 1 کروڑ 6 لاکھ اور فوجی سیمنٹ 94 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے باٹاپاک کے بھاؤ میں 80.22 روپے اور سیمنس پاکستان کے بھاؤ میں 55.72 روپے کااضافہ جبکہ رفحان میظ کے بھاؤ میں 203.80 روپے اورجی ڈی ڈبلیو شوگر کے بھاؤ میں 10.21 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ عنوان :