ٹیم کے انتخاب میں میرا کوئی عمل دخل نہیں ہے،چیئرمین پی سی بی ، عالمی کپ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کی پندرہ رکنی ٹیم کا انتخاب کپتان اور کوچ کی مشاورت سے کیا گیا ہے، سلیکشن کمیٹی کا ورلڈ کپ کے بعد کنٹریکٹ ختم ہو جائے گا، نئی سلیکشن کمیٹی چھوٹی ہوگی جس میں ریجنل نمائندگی بھی دی جائے گی، نئی سلیکشن کمیٹی میں معین خان کا کیا رول ہوگا اس کے بارے میں بھی بعد میں فیصلہ کیا جائے گا،شہریار خان

جمعرات 8 جنوری 2015 08:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 جنوری۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار احمد خان کا کہنا ہے کہ عالمی کپ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کی پندرہ رکنی ٹیم کا انتخاب کپتان اور کوچ کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ ٹیم کے انتخاب میں میرا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے اگر یہ کھلاڑی ون یونٹ ہو کر کھیلے تو میگا ایونٹ میں اچھے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1992ء کے عالمی کپ ٹورنامنٹ میں بھی پاکستان ٹیم میں زیادہ سٹار کھلاڑی نہیں تھے۔ کپتان عمران خان کو یقین تھا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم سے نتائج حاصل کر سکتے ہیں لہذا انہوں نے ورلڈ کپ جیت لیا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی نے کپتان مصباح الحق اور ہیڈ کوچ وقار یونس کے ساتھ مشاورت کر کے ٹیم کا انتخاب کیا ہے دوسرا یہ کہ اس سلیکشن کمیٹی کا ورلڈ کپ کے بعد کنٹریکٹ ختم ہو جائے گا، نئی سلیکشن کمیٹی چھوٹی ہوگی جس میں ریجنل نمائندگی بھی دی جائے گی۔ نئی سلیکشن کمیٹی میں معین خان کا کیا رول ہوگا اس کے بارے میں بھی بعد میں فیصلہ کیا جائے گا۔