پیرس،فائرنگ کا ایک اور واقعہ ،خاتون پولیس افسر ہلاک،سویپر شدید زخمی ،میگزین پرحملے میں ملوث ایک دہشت گردہلاک، 2گرفتار ، واقعہ کے خلاف فرانس سمیت یورپ بھر میں مظاہرے

جمعہ 9 جنوری 2015 08:27

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جنوری۔2015ء)فرانس کے دارالحکومت پیرس کے نواحی علاقے میں بلٹ پروف جیکٹ پہنے ایک مسلح شخص نے خودکار ہتھیار سے فائرنگ کردی ہے جس کے نتیجے میں ایک خاتون پولیس افسر ہلاک اور ایک سویپر شدید زخمی ہوگیا ہے۔فائرنگ کا یہ واقعہ جمعرات کی صبح پیرس کے جنوب میں واقع علاقے منٹروج میں پیش آیا ہے۔فرانسیسی وزیرداخلہ برنارڈ کازینوف نے کہا ہے کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

وہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کابینہ کا ہنگامی اجلاس چھوڑ کر جائے وقوعہ پر پہنچے تھے۔مسٹر کازینوف نے خبردار کیا ہے کہ اس حملے سے متعلق فوری طور پر کسی نتیجے تک پہنچنے سے گریز کیا جائے اور بظاہر اس کا بدھ کو پیرس میں طنزیہ مواد شائع کرنے والے میگزین چارلی ہیبڈو کے دفتر پر حملے سے کوئی تعلق نظر نہیں آتا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو مسلح افراد کی فائرنگ سے آٹھ صحافی ،دو پولیس اہلکار اور دو اور افراد مارے گئے تھے۔

اس حملے کے بعد سے فرانس میں سکیورٹی کی سطح انتہائی الرٹ ہے۔فرانسیسی وزیرداخلہ نے بتایا ہے کہ خاتون پولیس افسر ایک ٹریفک حادثے کی تحقیقات کے لیے شاہراہ پر موجود تھی۔اس دوران فائرنگ شروع ہوگئی۔نزدیک واقع ایک گھر سے اس واقعے کو مشاہدہ کرنے والے احمد ساسی نامی شہری نے بتایا ہے کہ ''پولیس افسر سفید رنگ کی ایک کار کے سامنے کھڑی تھی۔

اس دوران مسلح شخص فائرنگ کرکے فرار ہوگیا''۔پولیس نے بتایا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص سڑک پر صفائی کرنے والا تھا۔ساسی نے مزید بتایا ہے کہ ''حملہ آور نے گہرے رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے تھے اور اس نے نقاب نہیں کیا ہوا تھا۔اس کے ہاتھ میں کوئی بڑی بندوق نہیں تھی کیونکہ اس نے اس کو ایک ہی ہاتھ میں پکڑ رکھا تھا''۔ فوری طور پر کسی گروپ یا شخص نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

ادھرفرا نس میں میگزین کے دفتر پر حملے میں ملوث ایک حملہ آور مارا گیا۔امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ پیرس حملے میں ملوث دیگر دو ملزمان حراست میں لے لیے گئے۔امریکی ٹی وی نے انسداد دہشتگردی کے محکمے سے تعلق رکھنے والے دو سینئر اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے دعوی کیا کہ پیر س میگزین کے دفتر پر حملے میں ملوث ایک حملہ آور مارا گیا ہے جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی پولیس نے پکڑ لیے ہیں۔

فرنچ پولیس نے کارروائی سے کچھ دیر قبل ہی مبینہ طور پر یمنی دہشتگرد گروپ سے تعلق رکھنے والے 3 ساتھیوں میں سے 2 بھائیوں کے خاکے جاری کئے تھے۔گزشتہ روز پیرس میں ہفتہ وار میگزین کے دفتر پر مسلح افراد نے حملہ کرکے ایڈیٹر سمیت 10صحافیوں اور 2پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔دہشتگردی کے اس واقعے کے خلاف فرانس سمیت یورپ بھر میں مظاہرے کئے گئے جبکہ مسلم تنظیموں سے وابستہ رہنماؤں نے قاتلوں کو شیطان کا پیرو کار قراردیا تھا۔