امریکی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان پر تحفہ ، امریکی قونصلیٹ پر حملے کے ملزم ذوالفقار کو آج تختہ دار پر لٹکایا جائے گا ،جیل انتظامیہ کو ڈیتھ وارنٹ موصول ہوگئے ہیں ، پھانسی سے قبل اہلخانہ سے ذوالفقار کی ملاقات کرادی گئی ،متوقع ردعمل سے بچنے کیلئے تمام سرکاری عمارتوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے ، جیل کے اردگرد سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ بھی کردیا گیا ، تمام اداروں کی انتظامیہ کو سکیورٹی ہائی الرٹ وارننگ جاری

منگل 13 جنوری 2015 09:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جنوری۔2015ء ) امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان کے موقع پر امریکی خواہش کے مطابق امریکی قونصلیٹ پر حملے میں ملوث سزائے موت کے قیدی ذوالفقار کے ڈیتھ وارنٹ اڈیالہ جیل انتظامیہ کو موصول ہوگئے ہیں جس کے بعد ذوالفقار کے اہلخانہ کو ان سے ملاقات بھی کرادی گئی ہے ذرائع کے مطابق سزائے موت کے قیدی ذوالفقار کو آج صبح ساڑھے چھ بجے پھانسی پر لٹکا دیا جائے گا ۔

جیل انتظامیہ اور امن وامان قائم رکھنے والے اداروں نے ذوالفقار کی پھانسی پر متوقع ردعمل کے پیش نظر جیل کے اردگرد اور اہم سرکاری عمارتوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ وارننگ بھی جاری کی ہے اس سلسلے میں تمام اہم سرکاری عمارتوں میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ یاد رہے کہ امریکہ کی جانب سے امریکی قونصلیٹ پر حملے میں ملوث ملزمان اور امریکی صحافی ڈینیل پرل کے قتل میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے امریکہ کی جانب سے حکومت پاکستان کو کارروائی کیلئے باضابطہ کئی بار مطالبہ بھی کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

امریکی قونصلیٹ پر حملے میح ملوث ملزم ذوالفقار کو اس وقت پھانسی پر لٹکایا جارہاہے جب امریکی وزیر خارجہ جان کیری دورہ پاکستان کے سلسلے میں اسلام آباد میں موجود ہیں اور پاکستان امریکی وزیرخارجہ کو دورہ کے دوسرے روز ذوالفقار کی پھانسی پر عملدرآمد کرکے امریکہ کو یا باور کرانا چاہتا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف ٹھوس اقدامات کررہا ہے ۔