صدر مملکت سے وزیر اعظم کی ملاقات۔ وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے صدر کو آگاہ کیا ،ملک میں امن وامان اور سکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،صدر نے وزیر اعظم اور وفاقی وزراء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ،ملک کو دہشت گردی سے ہر صورت پاک کریں گے ،آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نوازشریف کا عزم

جمعرات 15 جنوری 2015 08:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جنوری۔2015ء) صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نوازشریف نے اس عز م کو دہرایا کہ ملک کو دہشت گردی سے ہر صورت پاک کریں گے ،آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز وزیر اعظم نواز شریف نے صدر مملکت ممنون حسین سے ایوان صدر میں ملاقات کی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر خواجہ آصف ،خرم دستگیر اور شاہد خاقان عباسی بھی موجود تھے۔

صدر نے وزیر اعظم اور وفاقی وزراء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے صدر کو آگاہ کیا اور ملک میں امن وامان اور سکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کو دہشت گردوں سے ہر صورت پاک کریں گے ۔دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے ہر ممکن وسائل استعمال کئے جائیں گے ۔آخری دہشت گرد تک یہ جنگ جاری رہے گی ۔بعد ازاں وزیر اعظم اور صدر نے کراچی کے تاجروں کے وفد سے ملاقات کی ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت تاجروں اور صنعت کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہیں اور تاجروں کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔