پٹرو ل کی قلت کا مسئلہ استعمال زیادہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا ، خواجہ آصف، حکو مت مسئلے کو حل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے،قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر گفتگو

ہفتہ 17 جنوری 2015 08:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ اصف نے کہا ہے کہ پٹرو ل کی قلت کا مسئلہ استعمال زیادہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا جس سے نہ صرف پٹرول پمپوں پر کمی کا سامنا ہوا بلکہ بجلی پیدا کرنے والے پاؤر پلانٹس کو بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا حکومت مسئلے کو حل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ سی این جی سٹیشن بند ہونے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں پٹرول کی کمی کا مسئلہ پیدا ہوگیا اور سی این جی سٹیشنوں کی طرح پٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں بن گئیں انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قلت کی وجہ سے بجلی کے شعبے پر بھی برا اثر پڑا ہے ہم نے یہ کوشش کی ہے کہ پٹرول سے چلنے والے پاؤر پلانٹس کو متبادل طریقے سے چلائیں تاہم اس کی وجہ سے بھی بجلی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا ہے انہوں نے کہاکہ بجلی لوڈشیڈنگ میں اضافے کی ایک اور وجہ نہروں کی بندش بھی ہے جس کی وجہ سے ہائیڈل پاورپر بھی اثر پڑا ہے انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور امید ہے کہ اگلے تین سے چار مہینوں میں لوڈشیڈنگ معمول کے مطابق ہوجائے گی ۔