آئندہ ہفتے ملک میں تیز بارش اور برفباری کا امکان، بلوچستان میں سردی کی شدت برقرار ، قلات میں منفی 6،زیارت منفی 5 کوئٹہ میں منفی 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ

اتوار 18 جنوری 2015 08:47

لاہور،ملتان ،کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جنوری۔2015ء ) محکمہ موسمیات نے پیر سے جمعہ تک آئندہ ہفتے ملک میں بارشوں کی نوید سنا دی ، اس دوران مری سمیت ملک کے اکثر بالائی علاقوں میں برفباری ہوگیملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوجائے گا ،کیونکہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے ملک میں تیز بارش اور برفباری کا امکان ہے محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے بارش اور برفباری کا سبب بننے والی ہوائیں پیر کے روز بلوچستان میں داخل ہوں گی اور ایک روز بعد بالائی علاقوں تک پھیل جائیں گی،،بالائی علاقے جمعہ کے روز تک ان ہواوں کے زیر اثر رہیں گے.جبکہ منگل سے جمعہ کے دوران ملک کے بالائی علاقوں ملک کے اکثر بالائی علاقوں میں برفباری ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سبب بنے والی مغربی ہوائیں پیر کے روز بلوچستان میں داخل ہو کر ایک روز بعد بالائی علاقوں میں پہنچ جائیں گی۔

(جاری ہے)

بالائی علاقے جمعے کے روز تک ان ہواوٴں کے زیر اثر رہیں گے جس کے باعث منگل سے جمعے تک اکثر بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوگی جبکہ بلوچستان میں کہیں کہیں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

بارش کے اس نئے سلسلے کے ساتھ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند ختم ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بھی چند ایک مقامات پر بادل برس سکتے ہیں۔ موسم کا حال بتانے والوں نے گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ ملتان شہر اور گردونواح میں صبح کے وقت دھند کے بادل چھائے رہے تاہم سورج کی کرنیں پڑنے کے بعد دھند غائب ہوگئی۔ بلوچستان کے سرد علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے ، قلات میں منفی 6،زیارت منفی 5 جبکہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔