نیشنل ایکشن پلان کو تمام سیاسی جماعتوں ،سول سوسائٹی ،مسلح افواج اور پاکستان کے عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ڈاکٹر ملیحہ لودھی سے ملاقات میں بات چیت

منگل 20 جنوری 2015 09:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2015ء)وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات چوہدری نثار علی خان سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی نئی مقرر ہونے والی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے قومی لائحہ پرجاری عمل درآمدکے حوالہ سے کہا کہ پوری قوم نے دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارہ پانے کا عزم کر رکھا ہے اور نیشنل ایکشن پلان کو تمام سیاسی جماعتوں ،سول سوسائٹی ،مسلح افواج اور پاکستان کے عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کے لیے قومی کوششوں کو اقوام عالم میں حقیقی معنوں میں پیش کیے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شدت پسندی کے خاتمہ کے لیے ان مشترکہ سرگرم کوششوں کی کوئی مثال نہیں ملتی اور نہ ہی اس بارے ماضی میں کبھی کچھ سنا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کے ماضی میں اہم ترین بین الاقوامی عہدوں پر تعیناتی کے وسیع تجربہ اور بین الاقوامی تعلقات کے رموز سے واقفیت کے باعث حکومت کو ان کی اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ کے طور پر آئندہ کی ذمہ داریوں سے بڑی توقعات ہیں۔

وزیر داخلہ نے اس اہم بین الاقوامی عہدے پر کام کرنے والی پہلی خاتون ہونے پر ملیحہ لودھی کومبارکباد دی اور ان کی نئی ذمہ داریوں کے حوالہ سے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان اپنی دانشمندانہ داخلی اور بین الاقوامی پالیسیوں کے باعث مغربی ممالک میں کھوئی جانے والی ساکھ بتدریج دوبارہ بہتر بنا رہا ہے وہ حکومت کی توقعات کے مطابق اپنی بہترکارکردگی دکھانے کے لیے ہر ممکن حد تک بہترین کوششیں کریں گی اور ہر بین الاقوامی پلیٹ فارم اور ہر ممکن سفارتی سطح پر ملک کا کیس اٹھائیں گی۔