کھلا پٹرول بیچنے پر پابندی ، 20 لاکھ لیٹر پٹرول آج لاہور کے پمپس پر پہنچے گا،چیف سیکرٹری پنجاب،15 لاکھ لیٹر پٹرول کل لاہور آئے گا،شیل کمپنی کا 20 ہزار میٹرک ٹن پٹرول کراچی پہنچ چکا ہے ، تمام پٹرول پمپس کھلے رکھنے کا فیصلہ ،آئل ٹینکرز کو دن کے اوقات میں شہروں میں داخل ہونے کی خصوصی اجازت ،چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کاجائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس

منگل 20 جنوری 2015 08:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2015ء)چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل کی زیر صدارت پٹرول اور پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے معاملات کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا - چیف سیکرٹری آفس میں اعلی سطح اجلاس میں پی ایس او کوآج (منگل کو ) 20لاکھ لیٹر پٹرول کی فراہمی اور کل ( 21 جنوری )کو 15 لاکھ لیٹر پٹرول کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے - جبکہ19 جنوری کو16 لاکھ لیٹر پٹرول لاہور پہنچ چکا ہے - پی ایس او لاہور میں اس کی 122 پٹرول پمپس پر پٹرول کی فراہمی کے انتظامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے - شیل کے نمائندے نے بتایا کہ 20 ہزارمیٹرک ٹن پٹرول گذشتہ روز کراچی پہنچ چکا ہے - اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ تمام آئل کمپنیاں پٹرول کی فراہمی کی روزانہ کی بنیاد پر ڈی سی اوکو رپورٹ فراہم کریں گی -ڈی سی او آفس میں پٹرول کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی سیل بھی قائم کیاجائے گا -اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق کوئی بھی پٹرول پمپ بند نہیں رکھا جائے گا جبکہ دفعہ 144 کے تحت شہر میں بوتل وغیرہ میں کھلا پٹرول بیچنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے -چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور کو 159 سی این جی اسٹیشن کھلے رکھنے اور دن کے اوقات میں آئل ٹینکرز کو شہروں میں آمد کی خصوصی اجازت دینے کی ہدایت بھی کی گی -قبل ازیں ڈی سی او لاہور کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان نے لاہور میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی - اجلاس میں صوبائی سیکرٹری داخلہ اعظم سلیمان ، کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل ، ایڈیشنل سیکرٹری آئی سی اینڈ آئی خورشید علی زیدی ، پی ایس او کے نمائندے رائے ریاست علی ، شیل کے نمائندے یاسر علی ، ٹوٹل پارکو کے نمائندے ملک نور خان اور آل پاکستان سی این جی ایسوسی لاہور کے چیئرمین سمع الدین نے شرکت کی -

متعلقہ عنوان :