عمران خان نے اہلیہ کے ہمراہ عمرہ ادا کردیا ، آج مدینہ منورہ روانہ ہونگے،پی ٹی آئی سربراہ کی پاکستانی سرمایہ کاروں سے ملاقات، شوکت خانم میموریل اسپتال کے عطیات کے حوالے سے ملاقاتیں

جمعرات 22 جنوری 2015 09:08

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22جنوری۔2015ء)پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اپنی اہلیہ ریحام خان کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے جدہ پہنچے تو شاہ عبد العزیز انٹرنیشل ائیر پورٹ حج ٹرمینل پر انکے دورہ کے انتظامات کے معاون عمران خان کے دیرینہ دوست اور ممتاز پاکستانی تاجر ذوالقرنین علی خان نے انکا استقبال کیا ،جبکہ پروٹوکول و امیگریشن فرخ رشید نے کروائے۔

(جاری ہے)

رات بھر کی تھکان کی وجہ سے عمران خان ائیر پورٹ سے ہوٹل پہنچے جہاں آرام کرنے کے بعد پاکستانی سرمایہ کاروں سے ملاقات کی اور شوکت خانم میموریل اسپتال کے عطیات کے حوالے سے ملاقاتیں کیں۔ عمران خان نے رات گئے عمرہ اداکیا اور عبادت و نوافل اداکئے۔ آج (جمعرات کی )صبح وہ مکہ مکرمہ سے جدہ پہنچیں گے اور پرائیویٹ جہاز کے زریعے روضہء رسول ﷺ پر حاضری کیلئے مدینہ منورہ روانہ ہونگے،زیارت اور تاریخی مقامات پر حاضری کے بعد آج ہی جدہ واپس آجائینگے او ر جمعہ کے روز شوکت خانم اسپتال کے عطیات کے سلسلے میں سعودی تاجروں سے ملاقات کرینگے ،ذوالقرنین علی خان کی رہائش پر جمعہ کی شام ایک عشائیہ تقریب ہوگی جس میں چنیدہ پاکستانی و سعودی تاجر شرکت کرینگے ،اس موقع پر عمران خان حاضرین سے خطاب بھی کرینگے۔