سعودی عرب: شہزادہ محمد بن نائف نائب ولی عہد مقرر ،شہزادہ محمد بن سلمان سعودی وزیر دفاع مقرر،ولی عہد شہزادہ مقرن سعودی عرب کے بانی عبدالعزیز السعود کے سب سے چھوٹے بیٹے ہیں

ہفتہ 24 جنوری 2015 08:55

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2015ء)سعودی عرب کے نئے فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز نے نے اپنے بھتیجے اور ملک کے وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نائف کو نائب ولی عہد مقرر کیا ہے۔ولی عہد شہزادہ مقرن سعودی عرب کے بانی عبدالعزیز السعود کے سب سے چھوٹے بیٹے ہیں اور ایک عرصے سے یہ سوال گردش کر رہا تھا کہ ان کے بعد سلطنت کے تخت کا وارث کون ہو گا۔

بادشاہ سلمان نے محمد نائف کو نائب ولی عہد مقرر کر کے اس متعلق ہونے والی قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے نئے بادشاہ کا کہنا تھا کہ "ہم اللہ کی مدد سے اسی راستے پر چلیں گے جو مرحوم بادشاہ عبدالعزیز نے طے کیا تھا اور جس سے ملک نے ترقی کی۔"انھوں نے اس موقع پر مسلمانوں اور عرب ممالک کو متحد رہنے پر زور دیتے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ اپنے ملک کو کسی بھی نقصان سے بچانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں شہزادہ محمد بن سلمان سعودی وزیر دفاع مقرر کردئیے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز ولی عہد اور نائب وزیراعظم ہونگے جبکہ شہزادہ محمد بن نائف بن عبدالعزیز دوم نائب وزیراعظم ہونگے۔