لالچ بری بلا ، چین میں گھوسٹ بینک نے لالچی لوگوں کو کروڑوں کا چونا لگا دیا

اتوار 25 جنوری 2015 04:56

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جنوری۔2015ء)چین میں ایک گھوسٹ بینک نے لالچی کو کروڑوں کا چونا لگا دیا ،چینی میڈیا کے مطابق چین کے مشرقی شہر جان جینگ میں کچھ لوگوں نے دھوکے سے دولت کمانے کا انوکھا طریقہ نکالا اور ایک بینک ہی بنا ڈالا جس کی ظاہری شکل کچھ سرکاری بینکوں کی طرز کی تھی جبکہ اس کے باہر بھی اسی انداز کے سیکورٹی گارڈز کھڑے کردیئے اور ساتھ ہی دعویٰ کردیا کہ یہ بینک دیگر بینکوں سے زیادہ شرح سود دے گا جو جتنا زیادہ رقم جمع کرائے گا وہ اتنا ہی زیادہ شرح سود حاصل کرسکے گا بلکہ یہاں تک پیش کش کردی کہ ہر ہفتے وہ اپنے گاہکوں کو 2 فیصد سود دے گا جس کے بعد لالچ میں آکر اپنی جمع پونجی جمع اس بینک میں ڈال دی جو دیکھتے ہی دیکھتے 3 کروڑ 15 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔

اس واقعے میں ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ ایک شخص نے تو اس بینک پر کچھ زیادہ ہی اعتماد یا پھر زیادہ بھاری سود کا لالچ کرتے ہوئے 22 لاکھ 40 ہزار ڈالر جمع کرا دیئے اور اس پر ملنے والے بھاری سود سے حاصل ہونے والی رقم کے خواب دیکھنے لگا لیکن جب اسے بینک نے وعدے کے مطابق سود نہیں دیا تو وہ کچھ شک میں پڑ گیا اور فوری طور پر پولیس کا اطلاع دے دی۔

(جاری ہے)

پولیس کی تفتیش پر یہ انکشاف ہوا کہ جس بینک میں لوگوں نے اپنی جمع پونجی رکھی ہے وہ در اصل کوئی بینک نہیں ہے بلکہ ایک مقامی کوآپریٹو سوسائٹی ہے اور اس کے پاس کوئی بینک کھولنے کے اجازت نامے کی دستاویزات بھی موجود نہیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون سمیت جعلی بنیک چلانے والے 5 افراد کو گرفتار کرلیا ہے

متعلقہ عنوان :