حکومت کا سابق صدراور وزیراعظم سے سرکاری سیکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ،ہزاروں پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی واپسی سے ملک کی مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ،وزارت داخلہ

پیر 26 جنوری 2015 07:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جنوری۔2015ء)حکومت نے ملک میں تعلیمی اداروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے سابق حکومتی شخصیات بشمول سابق صدر وزیراعظم سے فراہم کی جانے والی سرکاری سیکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ کر لیا۔

(جاری ہے)

ہزاروں کی تعداد میں پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی واپسی سے ملک کی مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نے تعلیمی ادارون کو سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی مطلوبہ تعداد موجود نہ ہونے اور پولیس کی جانب سے نفری فراہم کرنے سے معذرت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ سابق حکومتی شخصیات جن میں سابق صدور اور وزیراعظم شامل ہیں کو فراہم کی جانے والی سرکاری سیکیورٹی واپس لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اس وقت ہزاروں کی تعداد میں پولیس اور ایف سی اہلکار سابق اہم حکومتی شخصیات کی سیکیورٹی پر مامور ہیں جبکہ ان کو تنخواہیں سرکار ادا کر رہی ہیں سابق حکومتی شخصیات کو سرکاری سیکیورٹی فراہم کرنے کا قانون سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو دور میں شروع کیا گیا تھا جسے موجودہ حکومت نے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔