اپنے شہری کی رہائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرینگے ، اردن کا عزم ،ہم چاہتے ہیں حکومت ہمیں سچ بتائے ، مغوی قیدی کے چچا کی گفتگو

پیر 2 فروری 2015 08:55

عمان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2فروری۔2015ء)اردن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے پائلٹ کی دولتِ اسلامیہ سے رہائی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔اردن نے یہ بیان شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی جانب سے ایک آ ن لائن ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد کیا جس میں بظاہر جاپان کے یرغمالی صحافی کینجی گوٹو کا سر قلم کرتے ہوئے دکھایا گیا ۔اردنی پائلٹ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب اْن کا طیارہ گذشتہ سال دسمبر میں امریکہ کی سرکردگی میں فوجی مشن کی جانب سے دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں پر بمباری کرنے کے بعد لوٹتے ہوئے گر گیا تھا۔

اردن نے اس بات کا عندیہ دیا کہ وہ اپنے پائلٹ کے بدلے میں ایک عراقی قیدی کو رہا کرنے پر تیار ہے۔حکومت کے ترجمان محمد المومنی نے بتایا کہ حکومت اپنے پائلٹ کی رہائی اور اْن کی زندگی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام ادارے متحرک کیے گئے ہیں تاکہ وہ پائلٹ کی بحفاظت واپسی کے لیے کوششیں کریں۔مومنی نے کہا کہ ’اردن نے مسٹر گوٹو کی رہائی کے لیے تعاون میں جاپانی حکومت کی ہر ممکن مدد کی۔

معاذ الکساسبہ کے خاندان والوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اْن کی رہائی کے تمام ممکنہ اقدامات کریں اور مزید معلومات فراہم کریں۔ان کے چچا یاسین رواشدہ نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ حکومت ہمیں سچ بتائے۔پائلٹ الکسابسہ کا ایف سولہ جنگی جہاز ستمبر میں دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں پر شام میں بمباری کرتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا تھا مگر وہ زندہ بچ جانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :