انتخابی دھاندلی، جسٹس افتخار اور عمران خان کی قانونی جنگ میں تیزی آنے کا امکان،سابق چیف جسٹس نے جسٹس رمدے سمیت اہم لوگوں کے حلف نامے لے لئے،بابر اعوان نے بھی افضل خان سمیت دیگر اہم مہروں سے رابطے کر لئے

پیر 2 فروری 2015 08:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2فروری۔2015ء)سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے درمیان انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے شروع ہونے والی قانونی جنگ میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

سابق چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران کے بیانات حلفی‘ جسٹس (ر) خلیل الرحمان رمدے کا بیان حلفی سمیت دیگر قانونی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے بھی پیش بندی کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس کے بعض فیصلوں‘ ان کے بیٹے ارسلان افتخار سمیت دیگر کئی اہم معاملات کو عدالت تک لے جانے کا بندوبست کیا ہے سابق ایڈیشنل سیکرٹری افضل خان کا بیان حلفی بھی حاصل کر لیا گیا ہے جو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ضلعی عدالت نے 2 ہفتے کے لئے سماعت ملتوی کرتے ہوئے بابر اعوان کو مقدمے کی تیاری کا موقع دے رکھا ہے۔