حافظ آباد، پی پی 107کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور جانچ پڑتال کا عمل مکمل کر لیا گیا،پاکستان تحریک انصاف کی نگہت انتصار کی برتری برقرار رہی

پیر 2 فروری 2015 08:25

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2فروری۔2015ء )حافظ آباد کے حلقہ پی پی 107کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور جانچ پڑتال کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ووٹوں کی جانچ پڑتال کا عمل پنجاب الیکشن ٹربیونل کے مقرر کردہ کمیشن سید حامد حسن کی سربراہی میں مکمل کیا گیا۔جس میں پاکستان تحریک انصاف کی نگہت انتصار کی برتری برقرار رہی۔ مسلم لیگ ن کے امید وار سرفراز احمد بھٹی نے پنجاب الیکشن ٹربیونل میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی ، جانچ پڑتال اور تمام ریکارڈ کی چیکنگ کے لیے پٹیشن دائر کی تھی۔

پنجاب الیکشن ٹربیونل کے کاظم علی ملک کی جانب سے ووٹوں کی جانچ پڑتال ااور دوبارہ گنتی کے لیے حامد حسن شاہ کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا گیا۔کمیشن نے پی پی 107حافظ آبادتھری کے تمام 156پولنگ اسٹیشنوں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی ، جانچ پڑتال سمیت دیگر معاملات کی تحقیقات مکمل کر لیں۔

(جاری ہے)

جس میں پاکستان تحریک انصاف کی نگہت انتصار کی برتری برقرار رہی۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض ووٹوں اور بیلٹ پیپر کی کاؤنٹر فائل پر ووٹرز کے شناختی کارڈ نمبر اور انگوٹھا کے نشانات نہیں پائے گئے۔کمیشن ووٹوں کی جانچ پڑتال سے متعلق اپنی تفصیلی رپورٹ پنجاب الیکشن ٹربیونل کو پیش کرے گا۔اس کے بعد حتمی رپورٹ جاری کی جائے گی۔یہاں یہ امر قابل ذکرہے کہ 29 مئی 2014 کو پی پی 107 میں ضمنی انتخابات ہوئے تھے جس میں پاکستان تحریک انصاف کی امید وار نگہت انتصا ربھٹی 43617 ووٹ لے کر کامیاب ہوئی جبکہ ان کے مد مقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری سر فراز احمد بھٹی نے 38522ووٹ حاصل کئے تھے۔