پاکستان او رآئی ایم ایف کے تین روزہ مذاکرات دوبئی میں شروع،55کروڑ ڈالر کی اگلی قسط ملنے کا امکان،پاکستان پہلے ہی تمام اہداف حاصل کر چکا ہے، مذاکرات میں کوئی مشکل نہ ہوگی، ذرائع

منگل 3 فروری 2015 09:16

اسلام آباد/دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3فروری۔2015ء) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے مابین تین روزہ مذاکراتی سلسلہ پیر کو دوبئی میں شروع ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کو 55کروڑ ڈالر کی اگلی قسط فراہم ہونے کا امکان ہے ۔مذاکرات میں پاکستان کی معاشی صورتحال اور آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اہداف کی طرف پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خزانہ اسحاق ڈار کررہے ہیں‘ جبکہ وفد میں وزارت پیٹرولیم‘ وزارت دفاع اور وزارت پانی و بجلی کے اعلیٰ حکام بھی وزیر خزانہ کے ہمراہ موجود ہیں جو جو کئی روزپہلے ہی ابتدائی بات چیت اور تیاریوں کیلئے وہاں پہنچ گئے تھے۔ آئی ایم ایف سے بات چیت کے سلسلے میں وزارت خزانہ کی ٹیکنیکل ٹیم بھی سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں گزشتہ کئی دنوں سے بئی میں موجود تھی جو آئی ایم ایف کے ساتھ پالیسی کی تشکیل کے سلسلے میں بات کررہی تھی۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ کی سربراہی میں باضابطہ بات چیت تین روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ جس کے بعد آئی ایم ایف جائزہ مشن کے سربراہ جیفری فرینک اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار مشترکہ پریس کانفرنس میں طے پانے والے معاملات کی تفصیلات بتائیں گے۔دریں اثناء وزارت خزانہ کے ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ مذاکرات میں پاکستان کو کسی قسم کی مشکلات درپیش آنے کا کوئی امکان نہیں کیونکہ پاکستان آئی ایم ایف سے باہمی بات چیت میں طے شدہ تقریباً تمام اہداف حاصل کر چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :