الیکشن کمیشن کا تمام الیکشن ٹریبونلز کو خط ،زیر التواء مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت،عذرداریوں سے متعلق کیسز کو نمٹانے میں بلاوجہ تاخیر نہ کی جائے ،تاخیر کرنے والے افسران جرم کے مرتکب ہوں گے ،خط کا متن،معاملہ الیکشن کمیشن کے دائرہ کار میں نہیں آتا ، الیکشن کمیشن نے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کی درخواست خارج کردی

بدھ 4 فروری 2015 08:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 5فروری۔2015ء)الیکشن کمیشن نے عام انتخابات سے متعلق الیکشن ٹریبونلز میں زیر التواء مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کے لئے تمام الیکشن ٹریبونل کو خط لکھا ہے اور ہدایت کی ہے کہ کیسز کو نمٹانے میں بلا وجہ تاخیر نہ کی جائے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز الیکشن کمیشن نے پاکستان بھر کے الیکشن ٹریبونلز کو خط لکھا ہے کہ عام انتخابات میں الیکشن ٹریبونلز میں عذر داریوں کے کیسز جلد از جلد نمٹائے جائیں اور زیر التواء مقدمات کے فیصلے جلد از جلد کئے جائیں۔

ان فیصلوں میں بلاوجہ تاخیر نہ کی جائے ،کیسز میں بلاوجہ تاخیر کرنے والے افسران جرم کے مرتکب ہوں گے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان الیکشن کمشنر سردار رضا خان سے ملاقات کی اور ملاقات میں مطالبہ کیا کہ تھا کہ الیکشن ٹریبونل میں دائر کیسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے ۔

(جاری ہے)

ادھرالیکشن کمیشن نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو نااہل قرار دینے کی درخواست خارج کردی ۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے دائرہ کار میں نہیں آتا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نااہلی کے لئے درخواست سابق سفارتکار آصف ایزدی نے دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نواز شریف نے 13اگست 2011ء کو نظریہ پاکستان کی خلاف ورزی کی ہے ان کو نااہل قرار دیا جائے الیکشن کمیشن نے آصف ایزدی کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے دائرہ کار میں نہیں درخواست گزار سپیکر قومی اسمبلی سے رجوع کرے