پی سی بی کا عدم تعاون ،چاچا کرکٹ ورلڈ کپ میں جانے سے محروم

جمعہ 6 فروری 2015 08:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6فروری۔2015ء)پاکستانی کھلاڑیوں کا جذبہ بلند رکھنے کیلئے چاچا کرکٹ کا ورلڈ کپ میں قومی پرچم لہرانے کا خواب پورا نہ ہوسکا،چاچا کرکٹ اسپانسر نہ ملنے کے باعث آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ جانے سے محروم رہ گیا،عبدالجلیل عرف چاچا کرکٹ نے انیس سو چھیانوے سے دوہزار گیارہ تک کے پانچ ورلڈکپ کے میچز میں اپنی جیب اور شائقین کے تعاون سے شرکت کی،اس بار انہوں نے پی سی بی کو ساتھ لیجانے کی درخواست کی،لیکن انہوں نے انکار کردیا،چاچا کرکٹ نے بتایا کہ پی سی بی نے انہیں نو بار دیگر میچز میں اسپانسر کیا،لیکن ورلڈکپ جیسے میگاایونٹ کیلئے کبھی اسپانسر نہیں کیا۔

(جاری ہے)

چاچا کرکٹ نے بتایا کہ نہ صرف پاکستانی بلکہ غیرملکی بھی ان سے بے حد محبت کرتے ہیں،انہوں نے بتایا کہ پی سی بی سے ملنے والے پچیس ہزار روپے کے وظیفے سے تو وہ میگاایونٹ میں شرکت نہیں کرسکتے،وہ رقم تو چاچی کے دال چاول پر خرچ ہوجاتی ہے۔چاچا کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے پر افسردہ ہیں،ان کا کہنا ہے کہ اسی بار پی سی بی سے مایوسی ہوئی،آئندہ وہ دوستوں کی مدد سے غیر ملکی میدانوں میں جائیں گے،اور جب تک دم ہے،وہ پاکستانی پرچم لہراتے رہیں گے۔