سراج الحق اور رحمان ملک کی جہانگیر ترین سے ملاقات ، جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے مذاکرات میں ڈیڈلاک کے خاتمے پر تبادلہ خیال، جوڈیشل کمیشن پرتیار کردہ ڈرافٹ جہانگیر ترین کے حوالے کردیا ، پی ٹی آئی رہنما آپس میں مشاورت کے بعد جواب دیں گے، سراج الحق سراج الحق،ڈرافٹ وزیراعظم کو بھی بھجوا دیا گیا ہے،حکومت پی ٹی آئی ڈیڈلاک ختم ہونا چاہئیے،رحمان ملک

اتوار 8 فروری 2015 10:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8فروری۔2015ء)حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے قائم سیاسی جرگے نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے اور ڈرافٹ ان کے حوالے کردیا۔سیاسی جرگے کے رہنما سراج الحق اور رحمان ملک نے گزشتہ روز جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان جاری مذاکرات میں ڈیڈلاک کے خاتمے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہم نے جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے تیار کردہ ڈرافٹ جہانگیر ترین کے حوالے کردیا ہے،جس پر پی ٹی آئی کے رہنما آپس میں مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دو دنوں میں سیاسی جرگہ حکومتی کمیٹی کے اراکین سے بھی ملاقات کرے گا اور امید ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے ڈیڈلاک کے خاتمے میں جلد کامیابی حاصل ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مسائل چوراہوں پر حل کرنے کی بجائے مذاکرات کی میز پر حل کرنے چاہئیں۔اس موقع پر سابق وزیرداخلہ اور پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے تیار کیا جانے والا ڈرافٹ وزیراعظم کو بھی بھجوا دیا گیا ہے۔تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ڈیڈلاک ختم ہوجانا چاہئے۔