ن لیگ کے ”باغی“ راہنماؤں غوث علی شاہ اور سردار ذوالفقار کھوسہ کا مائنس شریف برادران نئی مسلم لیگ تشکیل دینے پر اتفاق ،چوہدری برادران کو بھی دعوت دی جائے گی، دونوں راہنماؤں کی ملاقات میں ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور نئی جماعت تشکیل دینے کیلئے اب تک کے رابطوں کا جائزہ لیا گیا

اتوار 8 فروری 2015 10:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8فروری۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ”باغی“ راہنماؤں سید غوث علی شاہ اور سردار ذوالفقار علی کھوسہ نے مائنس شریف برادران نئی مسلم لیگ تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے جس میں شرکت کیلئے چوہدری برادران کو بھی دعوت دی جائے گی یہ فیصلہ گزشتہ روز یہاں دونوں راہنماؤں کی ایک ملاقات میں کیا گیا جس میں انہوں نے ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور نئی جماعت تشکیل دینے کیلئے اب تک ہونے والے رابطوں کا جائزہ لیا۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کو بھی اعتمادمیں لیا جائے گا کیونکہ ان سے ہماری سیاسی دوری ضرور ہے لیکن کسی قسم کے اختلافات نہیں بلکہ ہم چوہدری برادران کی سیاسی خدمات کی قدر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق ملاقات میں سید غوث علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت مسلم لیگ ن میں اس وقت کئی پاکستان مخالف لوگ بھی موجود ہیں جن سے کسی صورت میں ہمارا اتفاق رائے نہیں ہوسکتا۔

واضح رہے کہ سید غوث علی شاہ نے گزشتہ دنوں سابق صدر پرویز مشرف سے بھی ملاقات کی تھی ان کے علاوہ کئی دیگر رہنما جن میں مخدوم امین فہیم بھی شامل ہیں ملاقاتیں کرچکے ہیں اور ان ملاقاتوں کے بعد مختلف رہنماؤں کی طرف سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ لوگ ایک اور مسلم لیگ تشکیل دینا چاہتے ہیں اور سابق صدر پرویز مشرف نے اس حوالے سے فنگشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی کو بھی اعتماد میں لیا ہے اور سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں نئی مسلم لیگ میں سربراہ کے طور پر سامنے لایا جائے گا۔

یاد رہے کہ سید غوث علی شاہ نے قومی اسمبلی کی رکنیت حاصل کرلی تھی لیکن حکومت کے ایما پر انہیں اس سے محروم کردیا گیا جبکہ سردار ذوالفقار علی کھوسہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر سینیٹر ہیں اور ان کی مدت 2018 ء تک ہے۔ سردار ذوالفقار کھوسہ شریف برادران سے شدید اختلافات کے بعد ان سے الگ ہوچکے ہیں اور ان کے خلاف مسلسل تیز و تند بیانات دے رہے ہیں۔