حکومت کا ملک بھر میں صنعتی صارفین کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعوی ،آئندہ ہفتے دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ آٹھ سے چھ شہروں میں چھ سے چار گھنٹوں تک محدود ہو جائے گی‘ سینئر افسر وزارت پانی وبجلی

اتوار 8 فروری 2015 10:06

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8فروری۔2015ء ) حکومت نے ملک بھر میں صنعتی صارفین کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعوی کیا ہے۔وزارت پانی و توانائی نے ایک بیان میں کہا 'ملک بھر میں صنعتی شعبہ کیلئے لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی'۔بیان میں بتایا گیا کہ پچھلے کچھ دنوں سے اس شعبہ کو دو گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا تھا۔وزارت کے ایک سینئر افسر نے میڈیا کو بتایا کہ اگلے ہفتے دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ آٹھ سے چھ جبکہ شہروں میں چھ سے چار گھنٹوں تک محدود ہو جائے گی۔

افسر نے بتایا کہ فرنس آئل کی فراہمی میں بہتری اور مظفر آباد، حبکو اور فیصل آباد بند بجلی گھروں کے دوبارہ فعال ہونے کے بعد جمعہ کو صنعتی شعبے میں'صفر لوڈ شیڈنگ' ہوئی اس کے علاوہ پیک آوورز میں ہائیڈرو پاور ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھ کر 2000 میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

افسر نے بتایا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی آنے کے نتیجے میں پیداواری لاگت 18-16 روپے فی یونٹ تک پہنچنے کے بعد پیک آوورز میں ڈیزل پر چلنے والے دوتوانائی گھروں کو بھی استعمال میں لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر سال چھ ہفتوں کیلئے بند رہنے والی نہروں کے اگلے ہفتہ دوبارہ کھلنے پر ہائیڈرو پاور جنریشن بھی بہتر ہو جائے گی۔افسر نے بتایا کہ 26 دسمبر کو صوبوں کی جانب سے نہروں کی بندش کے اعلان سے پہلے ہی حکومت نے نومبر اور دسمبر میں صنعتی شعبہ کیلئے صفر لوڈ شیڈنگ برقرار رکھی تھی۔سرکاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت معاشی ترقی کے لیے اہم صنعتی شعبے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

متعلقہ عنوان :