مولانافضل الرحمن نے22ویں ترمیم لانے کیلئے مشاورتی عمل تیز کردیا، مذہبی جماعتوں کے بعد سیاسی جماعتوں سے بھی بات چیت شروع، نجی محفلوں میں بھی معاملہ عروج پرپہنچ گیا،مولانافضل الرحمن کی چودھری شجاعت ، مولانا سمیع الحق سے مشاورت،ملک کو موجودہ بحرانی کیفیت سے نکالنے کیلئے مل کر چلنے پر اتفاق ، قائد مسلم لیگ ق نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی، ذرائع

پیر 9 فروری 2015 09:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9فروری۔2015ء)مولانافضل الرحمن نے22ویں ترمیم لانے کیلئے مشاورتی عمل تیز کردیا، مذہبی جماعتوں کے بعد سیاسی جماعتوں سے بھی بات چیت شروع، نجی محفلوں میں بھی معاملہ عروج پرپہنچ گیا،مولانافضل الرحمن کی چودھری شجاعت ، مولانا سمیع الحق سے مشاورت،ملک کو موجودہ بحرانی کیفیت سے نکالنے کیلئے مل کر چلنے پر اتفاق کیاگیا۔

گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹراور قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹ کے چیئرمین طلحہ محمود کے بیٹے کی دعوت ولیمہ اس وقت سیاسی اجتماع میں تبدیل ہوگئی جب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمن، مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین، جنرل (ر)حمید گل، جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق، وزیر مملکت پوسٹل سروسز مولانا عبدالغفور حیدری ، مولانا محمد امجد ، سمیت سینیٹرز ، اراکین قومی اسمبلی اور بیوروکریٹس کی ایک بڑی تعداد ایک تلے جمع تھی۔

(جاری ہے)

دعوت ولیمہ میں سب سے زیادہ گہما گہمی وی وی آئی پی ہال کے اس حصہ میں تھی جہاں مولانافضل الرحمن، چودھری شجاعت، سمیع الحق اور حمید گل وغیرہ تشریف فرما تھے۔ ذرائع کے مطابق کھانے کی میز پر بھی سیاسی و مذہبی رہنما 21ترمیم پر تبادلہ خیال کرتے رہے جبکہ مولانا سمیع الحق مدارس کے حوالے سے اپنے خدشات سے مولانافضل الرحمن کو آگاہ کرتے رہے جبکہ مولانافضل الرحمن نے کہاکہ ہم نے ملک میں اتحاد و یگانگت کیلئے مذہبی سیاسی قوتوں کو ایک چھت تلے جمع کیا تاکہ ان کی رائے حاصل کی جاسکے جبکہ اب ملکی سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی مشاورت کررہے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کے دوران مولانافضل الرحمن نے ایوان میں 22ویں ترمیم لانے بارے ان سے مشاورت کی اور کہاکہ ہم چاہتے ہیں ملک کی موجودہ بحرانی کیفیت سے نکلنے کا واحد حل اتحاد میں ہے اگر تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں مل کر چلیں تو مسائل کا حل ممکن ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے مولانافضل الرحمن کوہر ممکن حمایت کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :