ہتک عزت دعویٰ،عمران خان نے افتخار چوہدری کیخلاف اہم ثبوت بابر اعوان کے حوالے کردیئے،سابق چیف جسٹس کے خلاف گواہی کے لئے کئی گواہوں کو بھی تیار کر لیا گیا،ثابت کرینگے افتخار چوہدری نے ن لیگ کی مہم چلائی اور عوامی مینڈیٹ کو چرالیاگیا، ذرائع پی ٹی آئی

پیر 9 فروری 2015 09:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9فروری۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کے ہتک عزت کے دعوے کے جواب میں ان کے عام انتخابات میں ہونیوالی مبینہ دھاندلی میں ملوث ہونے کے بارے میں اہم ثبوت اپنے وکیل بابر اعوان کے حوالے کر دیئے ہیں جنہیں وہ عدالت میں آئندہ سماعت پر پیش کریں گے۔ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے عمران خان اور جسٹس افتخار چوہدری کے درمیان شروع ہونے والی قانونی جنگ میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔

سابق چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران کے بیانات حلفی‘ جسٹس (ر) خلیل الرحمان رمدے کا بیان حلفی سمیت دیگر قانونی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے بھی پیش بندی کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس کے بعض فیصلوں‘ ان کے بیٹے ارسلان افتخار سمیت دیگر کئی اہم معاملات کو عدالت تک لے جانے کا بندوبست کیا ہے سابق ایڈیشنل سیکرٹری افضل خان کا بیان حلفی بھی حاصل کر لیا گیا ہے جو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ضلعی عدالت نے 2 ہفتے کے لئے سماعت ملتوی کرتے ہوئے بابر اعوان کو مقدمے کی تیاری کا موقع دے رکھا ہے۔ْذرائع کے مطابق عمران خان نے اس حوالہ سے دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ ساتھ اہم گواہوں کو بھی تیار کر لیا ہے جو ان کے حق میں عدالت میں گواہی دیں گے جس سے یہ ثابت کیا جائے گا کہ سابق چیف جسٹس نے آر اوز کو ساتھ ملاکر انتخابات میں مسلم لیگ ن کو بھرپور انداز میں فائدہ پہنچایا اور اس طرح حقیقی معنوں میں عام انتخابات کی غیرجانبداری کو متاثر کیا گیا اور عوام مینڈیٹ چرا لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس حوالہ سے مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں سے جسٹس افتخار کی ملاقاتوں کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔اس ضمن میں تحریک انصاف کے اہم ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ عدالت میں ہم اپنا موقف ثابت کریں گے کہ افتخار چوہدر ی نے مسلم لیگ ن کی مہم چلائی اور باقاعدہ انداز میں عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ کو چرایا گیا۔