ملٹری کورٹس میں بھجوائے گئے 12کیسزکی جانچ پٹرتال کا 50فیصد سے زائد کام مکمل

بدھ 11 فروری 2015 09:36

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11فروری۔2015ء ) حکومت کی طرف سے ملٹری کورٹس میں بھجوائے گئے 12کیسزکی جانچ پٹرتال کا 50فیصد سے زائد کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔افواج پاکستان کے جیگ (JAG) ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ضمیر نے رواں ہفتے کیسز کی پٹرتال مکمل کر نے کیلئے ماتحت افسران اور ملازمین کو ہدایات جاری کر دی ہیں ۔

(جاری ہے)

موثق اطلاعات کے مطابق ملٹری کورٹس میں کیسز کی سماعت کو جلد لگانے کیلئے لاء افیئرز ڈیپارٹمنٹ اور جیگ نے ہنگامی بنیادوں پر کام شرور ع کر دیا ہے اس حوالے سے جانچ پٹرتال کے دوران اگر کوئی کیس کمزور پایا گیا تو اسے واپس وزارت داخلہ میں بھجوا دیا جائیگا جہاں سے ٹھوس شواہد سمیت دیگر دستاویزات طلب کی جائینگی جبکہ قانونی پیچیدگیاں دور کیے جانے کی صورت میں ہی کیس کو سماعت کیلئے ملٹری کورٹ میں لگایا جائیگا۔

ذرائع کے مطابق کیس کی جانچ پٹرتال مکمل ہونے کے بعد ملزمان کو کیس کی مکمل پیروی کرنے اور اپنے ذمے لگائے گئے الزامات کو غلط ثابت کرنے اور کیس کا دفاع کرنے کیلئے وکیل کرنے سمیت دیگر سہولیات اور مواقع دیے جائیں گے جبکہ کیسز کا دو ہفتوں میں فیصلہ سنا دیا جائیگااس حوالے سے ملٹری کورٹس میں کیسز کو جلد سے جلد نمٹانے کی حکمت عملی بھی طے کرلی گئی ہے