پشاور،حملہ آوروں کی تعداد 4 تھی،3 خود کش بمباروں نے خود کو دھماکہ خیزمواد سے اڑا دیا ،ایک فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاک ہوگیا،ایک خودکش جیکٹ ناکارہ بنائی گئی ،بمباروں کی 6 ٹانگیں اور لاش کو قبضہ میں لے لیا،دہشت گرد شکل سے ازبک باشندے ہیں، آئی جی بم سکواڈ اور پولیس کی ابتدائی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال

ہفتہ 14 فروری 2015 09:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14فروری۔2015ء)آئی جی بم سکواڈ اور پولیس نے حیات آباد فیز 5 میں بم دھماکوں اور فائرنگ کی ابتدائی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

ابتدائی رپورٹ کے مطابق 4 خود کش بمبار امامیہ مسجد اور امام بارگاہ میں داخل ہوئے ،3 خود کش بمباروں نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جبکہ ایک خود کش بمبار فائرنگ کے تبادلے میں ماراگیا جس کی خود کش جیکٹ نہیں پھٹی جو کارآمد تھی جسے بم سکواڈ نے ناکارہ بنا دی ۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ خود کش بمباروں کی 6 ٹانگیں ملی ہیں ،فائرنگ سے ہلاک ہونے والے بمبار سے ہینڈ گرینڈ بھی برآمد کئے گئے جنہیں ناکارہ بنا دیئے گئے ہیں۔رپورٹ مزید کہا گیا کہ پولیس نے خودکش بمبارکی لاش اور دیگر دہشت گردوں کے اعضاء قبضے میں لے لئے ہیں جنہیں ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،رپورٹ کے مطابق خود کش بمبارشکل سے ازبک باشندے ہیں۔