پاکستان اور انڈیا کے مابین ہونے والے کرکٹ میچ کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے،وزیراعظم کی وزارت پانی و بجلی کو ہدایت ، پاک بھارت کرکٹ میچ کے دوران عوامی اجتماعات ، ہوٹل اور بڑی سکرینیں جہاں نصب ہوں وہاں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے،وزارت داخلہ کا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم

ہفتہ 14 فروری 2015 09:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14فروری۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے مابین ہونے والے کرکٹ میچ کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے ۔وزیراعظم کی طرف سے جاری ہدایات کی روشنی میں کہا گیا ہے کہ وزارت پانی و بجلی ورلڈ کپ کے پاکستان اور بھارت کے کرکٹ میچ سے قبل ملک بھر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائیں اس حوالے سے پیشگی اقدامات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

ادھروزارت داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم دیا ہے کہ پندرہ فروری کو پاک بھارت کرکٹ میچ کے دوران عوامی اجتماعات ، ہوٹل اور بڑی سکرینیں جہاں نصب ہوں وہاں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایت پر وزارت نے اسلام آباد انتظامیہ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ پندرہ فروری بروز اتوار کو پاک بھارت کرکٹ میچ کے دوران سکیورٹی کاخاص خیال رکھا جائے نیز یہ بھی کہا کہ پرائیویٹ ہوٹلز اور جہاں کرکٹ میچ کے لئے بڑی سکرینیں نصب ہوں وہاں خصوصی نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی نامساعد حادثہ سے بروقت بچا جائے معلومات کے مطابق وفاقی پولیس ، سپیشل برانچ اور آئی بی نے اسلام آباد میں بڑی سکرینوں اور عوامی اجتماعات والی جگہوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔