کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء ، روائتی حریف پاکستان اور بھارت آج آمنے سامنے،میچ کیلئے بڑے شہروں میں کئی مقامات پر بڑی سکرینیں نصب‘ ہوٹلز اور صرائے بھی سج گئے‘ پولیس بکیز کو پکڑنے کی تیاریاں کرنے لگی‘ وزارت پانی و بجلی نے بھی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

اتوار 15 فروری 2015 10:23

اسلام آباد/لاہور/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 15فروری۔2015ء) کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء میں روائتی حریف پاکستان اور بھارت آج اتوار کو آمنے سامنے ہوں گے‘ میچ کیلئے بڑے شہروں میں کئی مقامات پر بڑی سکرینیں نصب‘ ہوٹلز اور صرائے بھی سج گئے‘ پولیس بکیز کو پکڑنے کی تیاریاں کرنے لگی‘ وزارت پانی و بجلی نے بھی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

بوڑھے اپنی ٹیم کیلئے دعائیں مانگ رہے ہیں تو منچلے کھلاڑیوں کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے‘ بچے بھی پر جوش ہیں ورلڈ کپ 2015 ء کا آغاز ہفتہ کو ہوچکا ہے اور پاکستان اپنا پہلا میچ روائتی حریف بھارت کے آج اتوار کو کھیلے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا میچ کو دیکھنے کیلئے گھروں میں چائے‘ سموسوں ‘ مشروبات اور کھانے کی دیگر اشیاء کا بندوبست پہلے ہی کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ کراچی ‘ لاہور ‘ کوئٹہ ‘ راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں مختلف مقامات پر بڑی سکرینیں نصب کر دی گئی ہیں جبکہ ہوٹلوں اور سراؤں میں بھی میچ دیکھنے کے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں ادھر الیکٹرک سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے اتوار کے روز لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرادی ہے اور وزارت پانی و بجلی نے لوڈ شیدنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے بھی میچ پر جوا لگانے والے بکیز کے خلاف کارروائیوں کی تیاریاں شروع کردی ہیں دریں اثناء گھرون میں بوڑھے اپنی ٹیم کی جیت کیلئے دعائیں مانگ رہے ہیں جبکہ منچلے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے ‘ بچے بھی میچ دیکھنے کے لئے پر جوش ہیں ‘ میچ صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا۔