صوبائی حکومت کی کارکردگی اور سینٹ انتخابات کے حوالے سے سراج الحق،وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے درمیان تفصیلی ملاقات

جمعرات 19 فروری 2015 08:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19فروری۔2015ء)صوبائی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے اورسینٹ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے کے لئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور وزیرا علیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے درمیان وزیر اعلیٰ ہاؤس میں تفصیلی ملاقات ہوئی ، جس میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان ، صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید خان ، وزیر بلدیات عنایت اللہ خان کے علاوہ صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ صوبائی حکومت میں شامل تینوں اتحادی جماعتوں کو مسلسل حکومت کی کار کردگی کا جائزہ لینا چاہیے اور اس کو پورے ملک کے لئے ماڈل صوبہ بنانے کے لئے مسلسل تگ و دواور سوچ بیچار کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سینٹ انتخابات کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاکہ صوبے کی حکمران جماعتوں اور اپوزیشن کو مل کر سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکنے کیلئے کام کرنا چاہیے تاکہ کوئی بھی شخص دولت کے بل پر ایوان بالا میں نہ پہنچ سکے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے امیرجماعت اسلامی پاکستان کو بتایا کہ صوبے کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے صوبائی حکومت مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور احتساب کمیشن بھی جلد فعال ہو جائے گا۔ انہوں نے امیر جماعت اسلامی کو بتایا کہ سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکنے کے لئے وہ اپوزیشن رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔