دہشت گرد پاکستانیوں کو عقائد کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں جو ناکام ہوں گے، پرویز رشید،سینٹ الیکشن کیلئے میرے کاغذات نامزدگی پر جو اعتراضات اٹھائے گئے ،میرے پاس کوئی مہنگی گاڑی نہیں ،اعتراض کرنے والا مجھے جانتا نہیں ،میرے کرائے کے گھر کو میری ملکیت بنا لیا، کاغذات پر سنی سنائی باتوں پر اعتراض اٹھائے ہیں،وزیر اطلاعات کی کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کا تفصیلی جواب داخل کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 20 فروری 2015 09:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 20فروری۔2015ء)وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ دہشت گردپاکستانیوں کو عقائد کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں جو ناکام ہوں گے ،پاکستان کو جلد دہشت گردوں سے پاک کر دیں گے ، الیکشن کمیشن میں سینٹ الیکشن کیلئے میرے کاغذات نامزدگی پر جو اعتراضات لگائے گئے ہیں ان کا تفصیلی جواب تحریری طور پر دے دیا ہے ،میرے پاس کوئی مہنگی گاڑی نہیں ہے ،الیکشن کمیشن نے سنی سنائی باتوں پر میرے کاغذات پر اعتراض اٹھائے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات الیکشن کمیشن میں سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ مجھ پر اعتراضات کرنے والے مجھے جانتے نہیں بلکہ سنی سنائی باتوں پر اعتراض کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

اعتراض کرنے والوں نے میرے کرائے کے گھرکو بھی میری ملکیت سمجھ لیا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے پاس کوئی مہنگائی گاڑی نہیں، تجویز کنندہ اور تائید کنندگان کی گاڑی میں الیکشن کمیشن آیا ہوں ،پرویز رشید نے کہا ہے کہ میرے کاغذات پر لگائے گئے اعتراضات کا تفصیلی جواب دے دیا ہے اورتحریری طور پر بھی لکھ کر دے دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لوگ مجھے جانتے ہیں کہ میرے پاس کوئی مہنگی گاڑی نہیں ہے نامزدگی فارم میں جو تفصیلات مانگی گئی ہیں وہ تفصیلات دے دی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کے فارم میں جو باتیں پوچھی گئیں اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا ۔ایک سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کے موذی مرض کا شکار ہیں ،پاکستانیوں کو عقائد کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستانیوں کو عقائد کی بنیاد پر تقسیم کرنا جانتے ہیں جو ناکام ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کے تحت ہر شخص کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور سے جلد چھٹکارا حاصل کر لیں گے اور پاکستان کوان دہشت گردوں سے پاک کر دیں گے