ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی ٹیم میں ریگولر اوپنر کو کھلائے جانے کا امکان،یونس خان کو ڈراپ یا کھلانے کے معاملے پر ٹور سیلیکشن کمیٹی میں اتفاق رائے نہ ہوسکا

جمعہ 20 فروری 2015 08:29

اسلام آباد/کرائسٹ چرچ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 20فروری۔2015ء) ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈکپ کے کل ہفتہ کو ہونیوالے میچ میں قومی ٹیم میں ریگولر اوپنر کو کھلائے جانے کا امکان ہے جبکہ تجربہ کار بلے باز یونس خان کو ڈراپ کرنے یا کھلانے کے معاملے پر ٹور سیلیکشن کمیٹی میں اتفاق رائے نہ ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ وقاریونس، یونس خان کو کھلانے کے حق میں ہیں تاہم کپتان مصباح الحق اور چیف سلیکٹر معین خان انہیں ڈراپ کرنا چاہتے ہیں۔

ہندوستان کیخلاف اوپن کرنے والے یونس خان اس میچ میں 6 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے تھے جبکہ ان کی حالیہ ایک روزہ میچ میں کار کردگی ناقص رہی ہے۔ یونس اپنا چوتھا ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں اور گزشتہ ماہ سے اب تک نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں کھیلے گئے 7 میچز میں کْل 73 رنز اسکور کر سکے ہیں جس میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 25 ہے ۔

(جاری ہے)

کچھ روز قبل وقار یونس کا کہنا تھا کہ یونس خان بحیثیت اوپنر بھیجنے کا تجربہ ناکام رہا، وہ تیسری یا چوتھی پوزیشن پر رنز اسکور نہیں کر پا رہے تھے جس کی بنا پر اْن سے اوپن کرانے کا فیصلہ کیا لیکن یہ تجربہ بھی ناکام رہا۔

محمد حفیظ کی انجری کے بعد ناصر جمشید کو ان کے متبادل کے طور پر بھیجا گیا تھا اور ان کے علاوہ اس پوزیشن کے لیے سرفراز احمد بھی امیدوار ہیں۔ دوسری جانب پریکٹس سیشن کیدوران وقار یونس اور اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کے درمیان تلخ کلامی کی بھی اطلاعات ہیں۔ پاکستان ہفتے کے روز ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کرائسٹ چرچ میں کھیلے گا۔