300 سے زائد پاکستانیوں کے 86 کروڑ ڈالرسے زائد کے خفیہ بنک اکاؤنٹس ‘ کھاتے داروں میں سمگلرز‘ ٹیکس چور اور سیاستدان شامل

اتوار 22 فروری 2015 10:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22فروری۔2015ء) غیر ملکی خفیہ اکاؤنٹس میں 300 سے زائد پاکستانیوں کے 859 ملین ڈالرز رقم موجود ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تفتیشی صحافیوں کی عالمی تنظیم (آئی سی آئی جے) نے جرائم پیشہ عناصر‘ سمگلرز‘ ٹیکس چوروں‘ سیاستدانوں اور معروف شخصیات کے خفیہ بنک اکاؤنٹس کا پتہ چلایا ہے۔ تنظیم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مشکوک بھاری کھاتوں کو بنک کی راز داری پالیسی کے تحت تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سامنے آنے والی فائلز میں کہا گیا ہے کہ مشکوک شخصیات کے وہاں 100 ارب ڈالرز جمع ہیں جن میں سے 1970ء سے 2006ء کے دوران پاکستان سے تعلق رکھنے والے 338 کھاتہ داروں کے 648 اکاؤنٹس اور ان کا وہاں جمع سرمایہ 85 کروڑ 97 لاکھ ڈالرز ہے جس میں صرف ایک کھاتے دار کے 13 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز جمع ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشکوک کھاتوں کے حوالے سے نیپال‘ سپین اور برازیل نے تحقیقات شروع کر دیں ہیں امریکی اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ محکمہ انصاف بنک کے خلاف کرمنل پراسیکوشن کر سکتا ہے جبکہ برطانیہ سے کہا ہے کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات ہوں گی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آیا سٹیٹ بنک اور ایف بی آر بھی کوئی اقدام کرے گی۔