وفاقی حکومت کیساتھ آئی ڈی پیز کے معاملے پر ہر ممکن مدد کو تیار ہیں،قبائلی محب وطن پاکستانی ہیں جو سالوں سے پاکستان کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں،آئی ڈی پیز کے لئے وفاقی،صوبائی حکومتوں اور فاٹا انتظامیہ کے درمیان مربوط رابطے کیلئے مشترکہ فورم تشکیل دیا جائے،گورنر نے عمران خان کی تجویز سے اتفاق کر لیا،کمیٹی قائم کرنے کا اعلان

منگل 24 فروری 2015 09:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24فروری۔2015ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت فاٹا سے نقل مکانی کرنیوالے آئی ڈی پیز کیساتھ ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کرتے رہیں گے ،وفاقی حکومت کو چاہئے کہ وہ بھی متاثرین کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ہم وفاقی حکومت کیساتھ آئی ڈی پیز کے معاملے پر ہر ممکن تعاون کو تیار ہیں۔

وہ گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی سے ملاقات اور بعد ازاں قبائلی زعماء کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روزقبائلی علاقوں سے نقل مکانی کرنیوالے آئی ڈی پیز کے مسائل کے حوالے سے پشاور کا دورہ کیا ،وہ گورنر ہاؤس گئے جہاں گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے ان کا خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، سپیکرصوبائی اسمبلی اسدقیصر،صوبائی وزیرشاہ فرمان ،تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق اورچیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امجدعلی خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گورنر مہتاب عباسی سے ملاقات کیدوران تجویز دی کہ صوبائی حکومت، وفاقی حکومت اور فاٹا انتظامیہ پر مشتمل ایک ایسا مشترکہ فورم تشکیل دیا جائے جو آئی ڈی پیز کی واپسی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے بہتر اور مربوط انداز میں کام کر سکے ۔

تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے گورنر سردار مہتاب عباسی نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا امجد علی خان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا جس میں فاٹا انتظامیہ،وفاقی حکومت ،صوبائی حکومت کے نمائندے اور قبائلی زعماء بھی شامل ہونگے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے وفاقی حکومت سے اختلافات کے باوجود ہمیں گورنر سردار مہتاب عباسی سے امید ہے کہ وہ قبائلی عوام اور صوبے کی ترقی کیلئے کردار ادا کریں گے ،انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور گورنر خیبر پختونخوا دیگر صوبوں میں موجود آئی ڈی پیز کے مسائل کے حل کیلئے بھی ملکر اقدامات کریں۔

عمران خان نے کہا کہ قبائلی محب وطن پاکستانی ہیں جو سالوں سے ملک کیلئے قربانیاں دیتے آ رہے ہیں۔ہم اپنے قبائلی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور جب تک وہ اپنے گھروں کو واپس نہیں چلے جاتے ہم بھی چین سے نہیں بیٹھیں گے۔قبل ازیں سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر فاٹا شکیل قادر نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو قبائلی علاقوں میں سیکورٹی و دیگر صورتحال کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں کی مجموعی صورتحال قیام امن اورعلاقے کی ترقی کیلئے اٹھایا جانے والے اقدامات سے آگاہ کیاگیا۔گورنر نے اس موقع پراظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف جوتاریخی جنگ لڑرہی ہے فاٹا کے عوام دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی پاک افواج کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو قبائل کی مشکلات کا پوری طرح احساس ہے اوراس کے حل کیلئے جامع اورٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔گورنر نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی گھروں کوباعزت واپسی اوراس کے بعد ان کی بحالی وتعمیرنوحکومت کی اولین ترجیح ہے۔