ہارس ٹریڈنگ کی لعنت کو ختم کرنا ہے،اے پی سی بلانے پر غور کر رہے ہیں، اسحاق ڈار ،ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے آئینی ترمیم کی تجویز موجود ہے،خواجہ سعد رفیق ،ہارس ٹریڈنگ تمام سیاسی جماعتوں پر بدنما داغ ہے،حکومت خاتمے کیلئے اے پی سی بلائے ،خورشید شاہ ، قانون سازی صرف سینیٹ کیلئے نہیں ایسا قانون بنایا جائے کہ کوئی انتخابات پر انگلی نہ اٹھا سکے،راجہ پرویز اشرف

جمعرات 26 فروری 2015 09:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26فروری۔2015ء)وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی لعنت کو ختم کرنا ہے،اے پی سی بلانے پر غور کر رہے ہیں جبکہ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے آئینی ترمیم کی تجویز موجود ہے۔بدھ کے روز پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے ہارس ٹریڈنگ کی لعنت کو ختم کرنا ہے اس کیلئے جو بھی طریقہ ہوا وہ کریں گے اور اس برائی کو روکنے کیلئے ہر ٹول کو استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت ہارس ٹریڈنگ نہیں چاہتی،یہ تاثر غلط ہے کہ افراد کو روکا گیا تو پارٹیاں کمائیں گے،ہم نیک مقصد کیلئے کوشش کر رہے ہیں،ہم نے ملک کو آگے لے کر چلنا ہے جبکہ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے آئینی ترمیم کی مخالفت نہیں کی بلکہ انہوں نے پنی پارٹی سے مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے،ہم کوشش کریں گے کہ سیاسی جماعتوں کے سربراہان ایک دو روز میں بیٹھیں اور اس معاملے کا حل نکالیں،اگر آئینی ترمیم کا راستہ بنتا ہے تو ترمیم کی جائے اور اگر کوئی سیاسی راستہ نکلتا ہے تو نکالا جائے ۔

(جاری ہے)

ادھرقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ تمام سیاسی جماعتوں پر بدنما داغ ہے،حکومت خاتمے کیلئے اے پی سی بلائے جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ قانون سازی صرف سینیٹ کیلئے نہیں ایسا قانون بنایا جائے کہ کوئی انتخابات پر انگلی نہ اٹھا سکے۔بدھ کے روز اسلام آباد میں حکومتی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کے خاتمے کیلئے کوششوں پر اتفاق ہے۔

اس کام کیلئے جو بھی طریقہ کار ہو وہ اپنانا چاہئے۔خورشید شاہ نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ سیاسی جماعتوں پر بدنما داغ ہے،حکومت کو چاہئے کہ وہ اس کے خاتمے کیلئے اے پی سی بلائے اور تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق سے لائحہ عمل طے کرے اور قانون سازی کی جائے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نواز آنے والے سینیٹ کے انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ یا کسی بھی برائی کو روکنے کی ہر ممکن کوشش پر متفق ہیں اور ہماری یہ کوشش ہوگی کہ کوئی بھی لائحہ عمل طے کرکے اسے روکا جائے اور لیڈر شپ کی میٹنگ بلا کر اس لائحہ عمل کو طے کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ انتخابات ہر قسم کی برائی سے پاک ہوں اور جو بھی انتخابات آئیں انہیں صاف شفاف اور غیر جانبدار بنانے کی کوشش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں انتخابات کے شفاف اور غیر جانبداری پر متفق ہیں،ایسی قانون سازی کی جائے کہ کوئی بھی انتخابات پر انگلی نہ اٹھا سکے ۔