تحریک انصاف نے پارلیمنٹ میں واپسی کا واضح عندیہ دیدیا ، اسمبلی میں واپسی کا فیصلہ کور کمیٹی اجلاس کے بعد کیا جائے گا ،پیپلز پارٹی کے بغیر بائیسویں آئینی ترمیم منظور نہیں ہوسکتی ، سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 1 مارچ 2015 09:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمنٹ میں واپس آنے کا واضح عندیہ دیدیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ اسمبلی میں واپسی کا فیصلہ کور کمیٹی اجلاس کے بعد کیا جائے گا ۔ پیپلز پارٹی کے بغیر بائیسویں آئینی ترمیم منظور نہیں ہوسکتی ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہارس ٹریڈنگ کے معاملے پر سب سے پہلے آواز اٹھائی خوشی ہے کہ حکومت اور کابینہ نے عمران خان کے موقف کی حمایت کی۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف ایشوز پر سیاست کرتی ہے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں حکومت کی سپورٹ کی اور ہارس ٹریڈنگ روکنے کے عمل پر بھی حکومت کی حمایت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بائیسویں آئینی ترمیم کے حوالے سے پارلیمنٹ میں آنے کا فیصلہ کیا کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کو بھی قومی مفاد میں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے پیپلز پارٹی کے بغیر آئینی ترمیم منظور نہیں ہوسکتی سینٹ میں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کا اب آئین کی شق 215پر عمل کرنا چاہیے ۔