انڈونیشیاء کے لاپتہ طیارے کا آخری حصہ سمندر سے نکال لیا گیا

اتوار 1 مارچ 2015 09:25

جکارتہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مارچ۔2015ء)انڈونیشیاء نے دسمبر میں بحیرہ جاوا میں تباہ ہونے والے ائیرایشاء کے طیارے کا وہ آخری بڑا حصہ جہاں مسافر اور عملے کے ارکان موجود ہوتے ہیں،نکال لیا ہے،حادثے میں تمام162افراد ہلاک ہوگئے تھے،یہ بات حکام نے ہفتہ کے روز کہی۔تلاشی اور امدادی کارروائیوں کیلئے قومی ادارے کے سربراہ بمبانگ سوئلسٹو نے اے ایف پی کو بتایا کہ طیارے کا بڑا حصہ سمندر سے نکال لیا گیا ہے اور ایک بحری جہاز پر لاد دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سوئیلسٹو نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ ہم نے ائیرایشیاء کے طیارے کا حصہ جس کے ساتھ پر ابھی تک جڑے ہوئے ہیں گزشتہ روز سمندر سے نکال لیا ہے،آس آپریشن کے دوران کوئی لاش برآمد نہیں ہوئی۔سوئیلسٹو نے ہفتہ کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکام آئندہ ہفتے متاثر خاندانوں سے ملاقات کے بعد محفوظ بنانے کے آپریشن کیلئے حتمی تاریخ کا فیصلہ کریں گے۔تلاشی و امدادی کارروائیوں کے کوآرڈینیٹر ایس بی سپریادی نے بتایا کہ انڈونیشیاء کے شہر سورابایا سے سنگاپور جانے والے طیارے کے طوفانی موسم میں گرکر تباہ ہونے کے بعد سے 103کے قریب لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں۔