محکمہ صنعت و تجارت و سرمایہ کاری پنجاب میں اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف‘ تازہ ترین آڈٹ رپورٹ میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت

اتوار 1 مارچ 2015 09:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مارچ۔2015ء) حکومت پنجاب کی تازہ آڈٹ رپورٹ سال 2014-15ء میں انکشاف کیا گیا ہے کہ محکمہ صنعت و تجارت و سرمایہ کاری میں بھی اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں کی گئی ہیں جس سے قومی خزانے کو بے تحاشا مالی نقصان پہنچا ہے اور غیر استعمال شدہ رقوم بھی وقت پر دوبارہ جمع نہیں کروائی گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 30 جون 2014ء تک ختم ہونے والے مالی سال کے لئے محکمہ صنعت و تجارت کا مکمل بجٹ 7636.693 ملین روپے تھا۔

اس رقم میں سے اخراجات کے لئے 10,888.428 ملین روپے کی رقم مختص کی گئی تاہم آڈٹ میں ضمنی گرانٹس اور رقوم کی واپسی کے حوالے سے فرق سامنے آیا ہے۔ پنجاب بجٹ مینول کے مطابق اخراجات کرنے والے محکموں پر لازم ہے کہ وہ وقت پر غیر استعمال شدہ رقوم اور گرانٹس وقت پر جمع کرائیں تاہم 2013-14ء کے آخر تک 71.80 ملین روپے بچت کی رقم واپس نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صنعت و تجارت و سرمایہ کاری میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ہدایات پر بھی کم عملدرآمد دیکھنے میں ایا ہے اور اس کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

محکمہ صنعت و تجارت و سرمایہ کاری کے آڈٹ کے دوران یہ بات مشاہدے میں آئی کہ ایس ڈی اے اکاؤنٹ سے 174620000 روپے کی رقم نکلوائی گئی تاہم آڈٹ کے لئے واؤچڈ اکاؤنٹ پیش نہیں کئے گئے۔ معاملہ کی نشاندہی جولائی 2014ء میں ہوئی معاملے کو مزید کارروائی کے لئے ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کر دیا گیا۔ تاہم آڈٹ رپورٹ آنے تک معاملے پر کوئی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی اور ریکارڈ کی عدم فراہمی پر ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

پنجاب بجٹ مینول کے مطابق جس مقصد یا پروجیکٹ پر اخراجات کئے گئے ہوں وہ اخراجات اس پروجیکٹ کے لئے مختص گرانٹس سے زیادہ نہیں ہونے چاہئیں۔ تاہم مذکورہ محکمہ میں سال 2013-14ء کے لئے 3323.537ملین روپے کی زائد اخراجات پر مشتمل رقوم کو ابھی تک ریگولرائزڈ نہیں کیا جا سکا اور یہ اکاؤنٹس پر قانونی کنٹرول کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ محکمہ صنعت و تجارت و سرمایہ کاری کے ذیلی اداروں میں پنجاب انڈسٹریز کارپوریش‘ پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی‘ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی‘ پنجاب کنزیومر پروٹیکشن کونسل‘ ڈائریکٹوریٹ آف انڈسٹریز پنجاب پرنٹنگ اینڈ سٹیشنری ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب پرائسز اور سپلائی بورڈ شامل ہیں۔

ایک سپیشل ادارہ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی Tevta بھی اس محکمہ کے ساتھ منسلک ہے۔

متعلقہ عنوان :