افغان سفیر کی وزیراعظم سے ملاقات،وزارتی سطح پر ہونیوالے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے فوکل پرسن مقرر کرنے پر اتفاق،نوازشریف کا افغانستان میں برفانی تودے گرنے سے جانی ومالی نقصان پر افسوس کا اظہا ر ،افغان سفیر کا حکومت پاکستان کی امداداور افغان صدر کو بھجوائے گئے ہمدردی کے خط پر وزیراعظم سے اظہار تشکر

منگل 3 مارچ 2015 09:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 مارچ۔2015ء)پاکستان اور افغانستان نے وزارتی سطح پر ہونیوالے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے فوکل پرسن مقرر کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے افغانستان میں برفانی تودے گرنے سے جانی ومالی نقصان پر افسوس کا اظہا ر کرتے ہوئے بھرپور امداد فراہم کرنے کا یقین دلایا ہی اور پاکستان میں متعین افغان سفیر نے حکومت پاکستان کی طرف سے گزشتہ دنوں افغانستان میں برفانی تودہ گرنے کے سانحہ کے بعد بھجوائی گئی امداداور افغان صدر کو بھجوائے گئے ہمدردی کے خط پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

افغان سفیر جانان موسیٰ زئی نے پیر کو یہاں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

افغان سفیر سے بات چیت میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔پاکستان افغانستان میں سانحہ کے بعد بھجوائی گئی امداد پر خوشی محسوس کرتا ہے کہ انہوں نے مشکل کی گھڑی میں اپنے بھائیوں کی مدد کی۔

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اس موقع پر ایک فوکل پرسن کی بھی منظوری دی جو دونوں ممالک کے وزراء کے درمیان ہونے والی گفتگو اور فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے اقدامات کرے گا۔ افغان سفارتکار نے وزیراعظم کو بتایا کہ پاکستان افغانستان جوائنٹ بزنس کونسل کا پہلا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا جس سے عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی طرف سے دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری کے لئے راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ پاکستان و افغانستان کے مابین امن و امان کے قیام کے لئے جاری بات چیت جلد نتیجہ خیز ثابت ہو گی۔ افغان سفارتکار نے امن و امان کے قیام اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین دوستانہ تعلقات قائم کرنے کے لئے وزیراعظم کے ویژن کو بھی سراہا۔ ملاقات میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور CASA ایک ہزار پاور ٹرانسمیشن پراجیکٹ کے متعلقہ امور بھی زیر بحث آئے۔ افغانستان کے سفیر جانان موسیٰ زئی نے ملاقات میں صدر افغانستان کے پاکستان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔