سینیٹ انتخابات:48خالی نشستوں پرپولنگ آج ہوگی،اسلام آباد ، فاٹا اور چاروں صوبوں کی خالی نشستوں پر پولنگ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں بیک وقت ہوگی ،الیکشن خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوں گے،الیکشن کمیشن کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام ممبران کو موبائل فون اور کیمرے ساتھ نہ لے جانے کی ہدایت،سندھ سے چار اْمیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے،ہارس ٹریڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ ثابت ہوئی توسخت کارروائی کریں گے ۔چیف الیکشن کمشنر

جمعرات 5 مارچ 2015 08:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 مارچ۔2015ء ) سینٹ کی اڑتالیس خالی نشستوں کیلئے پولنگ آج جمعرات کو ہوگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد ، فاٹا اور چاروں صوبوں کی خالی نشستوں پر پولنگ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں بیک وقت ہوگی۔الیکشن خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام ممبران کو موبائل فون اور کیمرے ساتھ نہ لے جانے کی ہدایت کی ہے۔

سندھ سے چار اْمیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ان میں پیپلزپارٹی کے فاروق ایچ نائیک اور ایم کیو ایم کے محمد علی سیف ٹیکنو کریٹ کی نشستوں جبکہ پیپلز پارٹی کی سسی پلیجو اور ایم کیو ایم کی نگہت مرزا خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہوئے ہیں۔پنجاب میں سینٹ کی نو جنرل نشستوں پر دس اْمیدوار میدان میں ہیں۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا کی کل بارہ نشستوں کیلئے پچیس اْمیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

بلوچستان میں سینٹ انتخابات کیلئے بتیس اْمیدوار میدان میں ہیں۔چیف الیکشن کمشنرجسٹس(ر)سرداررضاخان نے کہاہے کہ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ ثابت ہوئی توسخت کارروائی کریں گے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق چیف الیکشن کمشنرنے کہاکہ ہارس ٹریڈنگ سے متعلق کوئی ثبوت ہوں توپیش کئے جائیں ،ثبوت دیکھ کرہی کارروائی کی جائے گی ،ہارس ٹریڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی