کرپشن معاشرے کیلئے مہلک ناسور ہے‘ چیئرمین نیب،کرپشن صرف انسداد کرپشن اقدامات پر عمل درآمد سے نہیں روکی جاسکتی اس مقصد کیلئے عوام کے اندر ایک منظم آگہی ہونی چاہیے،اقوام متحدہ کے ایک وفد سے گفتگو

ہفتہ 7 مارچ 2015 09:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 مارچ۔2015ء) چیئرمین نیب چوہدری قمر زالزمان نے کہا ہے کہ کرپشن خطرناک ناسور ہے جس نے معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے کرپشن سے ترقی خوشحالی کے علاوہ قانون کی حکمرانی ختم ہوجاتی ہے جو معاشرے میں ایک منظم جرائم کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔ یہ باتیں چیئرمین نیب نے اقوام متحدہ کے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے بتائیں۔

اقوام متحدہ کے وفد نے جمعہ کے روز نیب چیئرمین سے ان کے دفتر میں ملاقا ت کی۔ اقوام متحدہ کے ادارہ ڈرگ اینڈ کرائم کے سربراہ مسٹر سارگیڈر وفد کی سربراہی کررہے ھے۔ چیئرمین نے کہا کہ کرپشن صرف انسداد کرپشن اقدامات پر عمل درآمد سے نہیں روکی جاسکتی اس مقصد کیلئے عوام کے اندر ایک منظم آگہی ہونی چاہیے نیب نے معاشرے سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے تین نکاتی حکمت عملی جو انسداد ‘ عملدرآمد اور آگہی پر مشتمل ہے کو آزمایا ہے نیب ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے آگہی مہم کا سہارا لے رہی ہے اور سیمینار اور آگہی واک کا اہتما م بھی کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

نیب آگہی کے ڈاک ٹکٹ پر نوکرپشن بجلی بلوں پر انسداد کرپشن پیغام ‘ اور کھلاڑیوں کی مدد بھی حاصل کی ہے ۔ نیب اقدامات سے ٹرانسپرنسی نے پاکستان میں کرپشن کی شرح کم ہونی کی نوید سنائی ہے چیئرمین نیب نے اقوام متحدہ کے وفد سے مستقبل کی دو سالہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ چیئرمین نیب نے وفد کو بتایا کہ آسٹریلیا کی مدد سے نیب نے اسلام آباد میں فورنزک لیب بھی قائم کی ہے ۔ نیب بہت جلد اسلام آباد میں انسداد کرپشن اکیڈمی بھی قائم کرنا چاہتا ہے اس مقصد کیلئے اقوام متحدہ بھی کردار ادا کرے۔ اقوام متحدہ کے وفد کے سربراہ نے نیب چیئرمین کو بتایا یو این او ڈی سی نیب کے ساتھ باہمی تعاون کار قائم کرنا چاہتا ہے انہوں نے انسداد کرپشن کے لئے اب تک نیب اقدامات کو سراہا۔