حکمراں جماعت نے چیئرمین سینٹ کیلئے حاصل بزنجو کا نام تجویز کردیا،وزیرخزانہ اسحق ڈار کا حاصل بزنجو ٹیلیفون‘ نام تجویز کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا،حاصل بزنجو (آج) وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے،چیئرمین سینیٹ کیلئے مسلم لیگ (ن) کا تحریک انصاف سے رابطہ کرنے کا فیصلہ،گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب کو وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے رابطہ کا ٹاسک سونپ دیا گیا،مسلم لیگ(ن) اور اتحادی جماعتیں جو بھی فیصلہ کریں گی قبول ہوگا،حاصل بزنجو

اتوار 8 مارچ 2015 10:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 مارچ۔2015ء) مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین سینٹ کیلئے نیشنل پارٹی کے حاصل بزنجو کا نام تجویز کردیا‘ وزیراعظم نواز شریف سے (آج) اتوار کو حاصل بزنجو ملاقات کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے حاصل بزنجو کو ٹیلیفون کیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چیئرمین سینٹ کیلئے ان کا نام تجویز کرنے کے فیصلے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف (آج) اتوار کو حاصل بزنجو سے ملاقات کریں گے اور انہیں چیئرمین سینٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ادھرحکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین سینیٹ کیلئے تحریک انصاف سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نیشنل پارٹی کے حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کیلئے نامزد کیا ہے، حکمران جماعت نے فیصلہ کیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ ملک کے سب سے چھوٹے صوبے بلوچستان سے ہونا چاہیے تا کہ بلوچستان کی احساس محرومی کو ختم کیا جائے اور اس حوالے سے حاصل بزنجو کا نام تجویز کیا ہے ،حاصل بزنجوکو مسلم لیگ(ن) اتحادی جماعتیں اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والی سیاسی جماعتوں کا اعتماد حاصل ہے ،اس حوالے سے مسلم لیگ(ن) کی اعلیٰ قیادت نے گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب کو وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے رابطہ کرنے کا ٹاسک دیدیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حاصل بزنجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے انہوں نے مجھے سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ،انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کیلئے میرا نام تجویز کیا گیا ہے ،مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتیں جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ان کے ساتھ ہیں ۔