حزب اختلاف کی جماعتوں نے رضا ربانی کو چیرمین سینیٹ کے لیے نامزد کردیا ،ڈپٹی چیئرمین بلوچستان سے لیں گے ، اسفند یار ولی، آئندہ ہر پالیسی سازی میں اتحاد کو قائم رکھنا ہو گا، فاروق ستار،ایوانِ بالا کی چیرمین شپ کے لیے اعتماد پر آصف زرداری سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کا شکر گزار ہوں، رضا ربانی ،جے یو آئی (ف) کا چیئرمین،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ

منگل 10 مارچ 2015 10:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مارچ۔2015ء) حزب اختلاف کی جماعتوں نے پیپلزپارٹی کے رہنما رضا ربانی کو چیرمین سینیٹ کے لیے نامزد کردیا۔ اسفند یار ولی کا کہنا ہے ڈپٹی چیئرمین بلوچستان سے لیں گے جبکہ فاروق ستار کا کہنا ہے آئندہ ہر پالیسی سازی میں اتحاد کو قائم رکھنا ہو گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق پیر کی رات زرداری ہاوٴس اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان، چوہدری شجاعت حسین، ڈاکٹر فاروق ستار، اسفند یار علی اور دیگر سیاسی رہنماوٴں نے شرکت کی جب کہ اس موقع پر اپوزیشن جماعتوں نے پیپلزپارٹی کے رہنما رضا ربانی کو سینیٹ کا چیرمین نامزد کرنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اتفاق رائے سے چیرمین سینیٹ کے لیے رضا ربانی کو نامزد کیا ہے اور ڈپٹی چیرمین شپ کا عہدہ بلوچستان کے لیے چھوڑا گیا ہے جس کا فیصلہ بلوچستان کے دوست خود کریں گے جب کہ مولانا فضل الرحمان پارٹی مشاورت کے بعد کل اپنا لائحہ عمل بتائیں گے۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ رضا ربانی کی نامزدگی اتفاق رائے سے کی گئی ہے اور آئندہ ہر قانون سازی میں یہ اتحاد قائم رکھنا ہوگا۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما اور چیرمین سینیٹ کے لیے نامزد امیدوار رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ایوانِ بالا کی چیرمین شپ کے لیے اعتماد پر پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کا شکر گزار ہوں اور کوشش کروں گا کہ سب کے اعتماد پر پورا اتروں۔

قیوم سومرو خصوصی طور پر مولانا فضل الرحمان کو منا کر اجلاس میں شرکت کے لئے لائے۔ اے این پی کے رہنما اسفند یار ولی نے بھی مولانا فضل الرحمان کو منانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شرکاء نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدوں کیلئے متفقہ امیدوار لانے کے حوالے سے مشاورت کی۔ اپوزیشن جماعتوں نے مشاورت کے بعد چیئرمین سینیٹ کیلئے پیپلز پارٹی کے رضا ربانی کو نامزد کر دیا۔

ادھرجے یو آئی (ف) نے چیئرمین،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا، اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ،ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف) کا صورت حال پر غور کیلئے مرکزی قیاد ت کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جے یو آئی (ف) حکومت کی اتحادی ہے اس لئے وہ اپوزیشن جماعتوں کے آج ہونے والے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مرکزی قیا دت کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) چاہتی ہے کہ حکومت متفقہ امیدوار لائے اور موجودہ حالات بھی اسی طرف جا رہے ہیں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی نشست کے لئے جوڑ توڑ عروج پر حکومت نے سینٹ چیئرمین کی نشست پر کردار ادا کرنے کے لئے تحریک انصاف سے بھی رابطہ کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے الیکشن میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے ذرائع کے مطابق شفقت محمود نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی اسمبلیوں میں واپسی جوڈیشل کمیشن سے مشروط ہے۔ حکومت چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے الیکشن سے پہلے جوڈیشل کمیشن قائم کرے تحریک انصاف واپس اسمبلی میں آجائے گی۔ جوڈیشل کمیشن قائم نہ کیا گیا تو تحریک انصاف سینٹ میں اپنا ووٹ نہیں دے گی۔