سینٹ کی چیئرمین شپ ہماری خواہش ضرور ہے لیکن یہ انا کا مسئلہ نہیں ، سعد رفیق،مسلم لیگ (ن) سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے بہتر فیصلہ کرے گی ، قانون کی تشکیل کے لیے سینٹ اہم ادارہ ہے چاہتے ہیں چیئرمین سادہ نہیں واضح اکثریت سے منتخب ، نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 10 مارچ 2015 10:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سینٹ کی چیئرمین شپ ہماری خواہش ضرور ہے لیکن یہ انا کا مسئلہ نہیں ، مسلم لیگ (ن) سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے بہتر فیصلہ کرے گی ، قانون کی تشکیل کے لیے سینٹ اہم ادارہ ہے چاہتے ہیں چیئرمین سادہ نہیں واضح اکثریت سے منتخب ہو۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے اپنے ووٹ ہیں ہمارے ساتھ نیشنل پارٹی ، جے یو آئی ، پختونخواہ میپ اور دیگر جماعتوں کے ووٹ بھی ہیں اور عددی اکثریت پیپلز پارٹی کے پاس بھی نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کا عہدہ ہماری خواہش ضرور ہے اور ہم نے سیاسی جماعتوں سے مدد کے لیے کہا ہے تاہم آپشن موجود ہیں اگر کوئی اور پارٹی اپنا امیدوار لاتی ے تو پھر مفاہمت سے بات بن سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سینٹ میں قانون سازی کے لیے سیاسی جماعتوں کی گروہ بندی نہ ہو بلکہ جو بھی چیئرمین آئے وہ سادہ نہیں واضح اکثریت سے آئے تاکہ قانون سازی کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم مفاہمت چاہتے ہیں تاہم اگر کوئی رسہ کشی کرنا چاہتا ہے تو کرے مسلم لیگ (ن) سیاسی جماعتوں سے مل کر بہتر فیصلہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت نے فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے تحریک انصاف کو سیاسی عمل کا حصہ بننا چاہیے سیاست سے الگ تھلگ اور باہر نہیں رکھنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے انتخابات 12 سے پہلے ہوجانا چاہیے تیاری بھی مکمل ہے اور کل گیارہ افراد نے ووٹ دینا ہے تو اس میں دیر نہیں ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ سینٹ کے رکن کو اسی صوبے سے ہونا چاہیے اور اس پر سختی سے عمل ہونا چاہیے

متعلقہ عنوان :