القاعدہ، ٹی ٹی پی یا کسی دہشت گرد تنظیم کو کسی بھی صورت میں کوئی پیشکش نہیں کی گئی، ترجمان حکومت پنجاب،امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل اور لانگ وال جرنل کے حوالے سے چھپنے والی خبرغلط، گمراہ کن اور قطعی بے بنیاد ہے،وزیراعلی محمد شہباز شریف دہشت گردوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن کی براہ راست مانیٹرنگ کررہے ہیں،بیان

جمعرات 12 مارچ 2015 09:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مارچ۔2015ء) حکومت پنجاب کے ترجمان نے بعض اخبارات میں امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل اور لانگ وال جرنل کے حوالے سے چھپنے والی خبر کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہاگیاہے کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے القاعدہ اور ٹی ٹی پی سے امن کی بات کی ہے - ترجمان حکومت پنجاب نے مذکورہ خبر کوگمراہ کن ،بے بنیاداور قطعی غلط قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے کسی دہشت گرد گروپ کو ایسی پیشکش کے بارے میں رپورٹ قطعا مضحکہ خیزہے ،ترجمان نے کہا کہ درحقیقت گزشتہ چند سالوں میں حکومت پنجاب نے ٹی ٹی پی کی وحشت انگیزیوں کے سامنے بند باندھا ہے- انہوں نے کہا کہ صوبہ کے طول و عرض میں ٹی ٹی پی نے مون مارکیٹ لاہور، ریسکیو 15 اور آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر لاہور ،داتا دربار پر خود کش حملہ، لبرٹی چوک میں سری لنکن ٹیم پر حملہ ، پنڈی جی ایچ کیو پر حملے سمیت متعدد بزدلانہ کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں-انہی وحشیانہ کارروائیوں کے سبب حکومت پنجاب اور عوام نے ملک اور صوبہ بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کیا - ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ درحقیقت آرمی پبلک سکول پشاورمیں معصوم طلبا اور اساتذہ پر حملے کے بعد دہشت گردوں کے خاتمے کا عزم مزید مضبو ط اور توانا ہوا اور حکومت پنجاب نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کے خلاف قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے آپریشن کو تیزتر کیا -وفاقی اداروں کے تعاون سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا-ترجمان حکومت پنجاب نے واضح کیا کہ پنجاب میں وزیراعلی محمد شہباز شریف کی زیر نگرانی نیشنل ایکشن پلان پوری طرح نافذالعمل ہے اور حکومت پنجاب صوبہ بھر سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام اقسام کی بلا تفریق بیخ کنی کے عزم پر کاربند ہے -ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے القاعدہ ، ٹی ٹی پی یا کسی اور دہشت گرد تنظیم کو کسی بھی صورت میں کوئی بھی پیشکش نہیں کی گئی -وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف دہشت گردوں ، ان کے مالی معاونین اور حامیوں اور سہولت کاروں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس اور دیگر اداروں کے آپریشن کی براہ راست مانیٹرنگ کررہے ہیں-ترجمان نے کہا کہ حکومت پنجاب دہشت گردی اورفرقہ واریت کے خاتمے کے لئے نئے قوانین متعارف کرانے سمیت دیگر اہم اقدامات اٹھا رہی ہے -پراونشنل کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ری سٹرکچرنگ ، کوئیک رسپانس فورس کے طور پر ایلیٹ فورس کی تعیناتی ،کاآنٹرٹیررازم فورس کا قیام ، سٹیٹ آف آرٹ فرانزک لیب کا قیام اور بڑے میٹروپولیٹن شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ کا آغازحکومت پنجاب کے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف عزم کی نشاندہی کرتا ہے-وال چاکنگ پر پابندی کا قانون ،ممنوعہ اسلحہ کی نمائش پر پابندی کا قانون، لاؤڈسپیکر کے غلط استعمال کے خاتمے کا قانون ، حساس مقامات کی سیکورٹی یقینی بنانے کے قوانین اور عارضی مکینوں کی رجسٹریشن سمیت پانچ نئے قوانین منظور اور نافذ کئے جاچکے ہیں -ترجمان نے حکومت پنجاب کی طرف سے صوبہ بھر کے سکولوں اور کالجز میں امن اور رواداری کے بارے میں مضامین متعارف کروانے کی کاوش کا بھی ذکر کیاہے۔