بہاولپور، میزائل چوک پر نصب شاہین میزائل کا ماڈل غائب ،انتظامیہ شہر کو خوبصورت بنانے کے چکر میں تاریخی مقامات تلف کرنے کے درپے ہوگئی

جمعرات 12 مارچ 2015 09:50

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مارچ۔2015ء)بہاولپور سے میزائل چوک پر نصب شاہین میزائل کا ماڈل غائب ہوگیا ،انتظامیہ شہر کو خوبصورت بنانے کے چکر میں تاریخی مقامات کو تلف کرنے کے درپے ہوگئی ،میڈیاکی نشاندہی پر 135سالہ پراناتاریخی فوارہ تو غائب ہونے سے بچ گیا لیکن بہاولپور کے شہری اپنے بچوں کو شاہین میزائل کا ماڈل دکھانے سے محروم ہوگئے ۔

میزائل چوک پر نصب شاہین میزائل کا ماڈل چند دن پہلے راتو ں رات ٹی ایم اے سٹی نے اتا ر کر غائب کر دیا ۔ اس سلسلے میں جب اے سی سٹی راؤ تسلیم سے پوچھا گیا تو انہوں نے کسی قسم کا بیان دینے سے گریز کیا تاہم انہوں نے بتایا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے کام کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے شہر کے مختلف مقامات پر موسمی پھول اور دیگر پودا جات لگائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں کی جانب سے شاہین میزائل کے اچانک غائب ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا جس پرمیڈیا نے کھوج لگایا اور کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر گلزار صادق میں بے یارو مدد گار کھلے میدان میں پڑے شاہین میزائل کے ماڈل کو ڈھونڈ نکالا۔شاہین میزائل کے ماڈ ل کو دیکھ کر گزرنے والے شہری اپنے بچوں کو پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے والے شاہین میزائل کے ماڈل کے بارے میں بتاتے تھے لیکن شاہین میزائل کے ماڈل کے غائب ہونے پر شہری اپنے بچوں کو میزائل بارے معلومات فراہم کرنے سے محروم ہو گئے ہیں ۔

شہریوں کو کہنا ہے کہ اگر ضلعی حکومت اسی طرح تاریخی ورثہ کو شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے نام پر غائب کرتی رہی تو بہاولپور کے شہریوں کے پاس اپنے بچوں کو شہر کا کوئی بھی تاریخی مقام دکھانے کے لیے نہیں بچے گا ۔