ورلڈکپ: آگے جانے کیلئے بیٹنگ میں بہتری بنانا لازمی ہے، گرانٹ فلاور، بیٹنگ کارکردگی بہتر بنانا لازمی ہے۔ ٹاپ آرڈر بیٹنگ نے اب بھی پرفارم نہ کیا تو کامیابی کا سفر کسی وقت بھی ختم ہوسکتا ہے،بیٹنگ کوچ ،۔ عمراکمل اور صہیب مقصود اب تک ملنے والے مواقع سے فائدہ نہیں اٹھاسکے ہیں،دونوں پلیئرز نے صلاحیتوں صرف جھلک دکھائی ہے جوکافی نہیں ،امید ہے پلیئرز عمدہ پرفارمنس کا سلسلہ اگلے میچوں میں بھی جاری رکھیں گے، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 13 مارچ 2015 08:30

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مارچ۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں آگے جانے کیلئے بیٹنگ کارکردگی بہتر بنانا لازمی ہے۔ ٹاپ آرڈر بیٹنگ نے اب بھی پرفارم نہ کیا تو کامیابی کا سفر کسی وقت بھی ختم ہوسکتا ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے متنبہ کیاہے کہ ورلڈ کپ میں اب ہرمیچ اہم ہے اور کامیابی کا سفر جاری رکھنے کیلئے بیٹنگ میں بہتری لانا ضروری ہے۔

ٹاپ آرڈر بیٹنگ نے اب بھی پرفارم نہیں کیا تو یہ سفرکسی وقت بھی ختم ہوسکتاہے۔ایڈیلیڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے زمبابوے کے سابق اوپنر نے کہاکہ پاکستانی بیٹسمین اب تک اپنی اہلیت کیمطابق کارکردگی پیش نہیں کرسکے۔ ان کی بہترین پرفارمنس سامنے آنا ابھی باقی ہے۔

(جاری ہے)

اگر ایسا نہ ہوسکاتو ٹیم آگے نہیں جاسکے گی۔ گرانٹ فلاور نے کہاکہ پاکستان اب تک صرف یواے ای کیخلاف تین سو سے زائد رنزبناسکا ہے۔

عمراکمل اور صہیب مقصود اب تک ملنے والے مواقع سے فائدہ نہیں اٹھاسکے ہیں۔ دونوں پلیئرز نے صلاحیتوں صرف جھلک دکھائی ہے جوکافی نہیں ہے۔ انہیں آئندہ میچوں میں مزید بہتر پرفارم کرنا ہوگا۔قومی بیٹنگ کوچ نے کہاکہ انہیں پاکستانی کرکٹرز کی اہلیت پرکوئی شبہ نہیں۔ لیکن اب تک وہ صرف یواے ای اور جنوبی افریقا کیخلاف میچ میں ہی سوفیصد کارکردگی پیش کرسکے ہیں اور ان میچوں کے نتائج سب سے سامنے ہے۔ امید ہے کہ پلیئرز عمدہ پرفارمنس کا سلسلہ اگلے میچوں میں بھی جاری رکھیں گے۔