ملک میں بدعنوانی کا خاتمہ یقینی اور نیب اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے اسلام آباد میں اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کرنے کا فیصلہ، ملک بھر میں کرپشن کے خلاف آگاہی اور اس سے بچاؤ کی بھرپور مہم شروع جاری ہے، چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری

پیر 16 مارچ 2015 09:14

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 مارچ۔2015ء) ملک میں بدعنوانی کے خاتمہ کو یقینی بنانے اور نیب اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے اسلام آباد میں اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب نے ملک بھر میں کرپشن کے خلاف آگاہی اور اس سے بچاؤ کی بھرپور مہم شروع کی ہے۔ قومی احتساب آرڈیننس 1999 کے سیکشن 33 سی کے تحت کرپشن کا خاتمہ نیب کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے عوام الناس کی آگاہی، سرکاری حکام کی رہنمائی سمیت مختلف عہدوں پر تعینات افراد کو آگاہی فراہم کرنا بھی نیب کے مینڈیٹ میں شامل ہے، اس کے تحت نیب ملک سے کرپشن کے مکمل خاتمے کیلئے اقدامات کررہا ہے۔

کرپشن کے خاتمے اور اس کے مضمرات کے حوالے سے نیب نے مہم شروع کر رکھی ہے جس کے تحت اینٹی کرپشن کے بین الاقوامی دن کی مناسبت سے نیب نے ایوان صدر میں قومی سیمینار اور واک کا بھی اہتمام کیا جس کی صدارت صدر مملکت ممنون حسین نے کی جس سے اعلیٰ سطح پر کرپشن کے خاتمہ کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب کے خصوصی پیغام ” کرپشن سے انکار“ والے خصوصی ڈاک ٹکٹ بھی جاری کئے گئے اور اس کے ساتھ ساتھ آئیسکو کے 24 لاکھ بجلی کے بلوں پر خصوصی پیغام کی اشاعت نیب کے پیغام کے ساتھ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فوٹو، ہاکی ٹیم کے فوٹو ، پی آئی اے کی تمام اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازوں میں نیب کے پیغام، موٹر ویز، پولیس اور اسلام آباد پولیس کی مدد سے ہائی ویز اور موٹر ویز پر نیب کے پیغام کی اشاعت کے ساتھ ساتھ مارچ 2015ء کے بعد جاری ہونے والے ڈرائیونگ لائسنسز پر اس کی اشاعت سے کرپشن کے خاتمہ کے حوالے سے نیب کی کاوشوں کی عکاسی ہوتی ہے کہ کرپشن کے خلاف کوئی رعات نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیر نسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق کرپشن کے خاتمہ کی پاکستانی کوششوں کی تعریف کی گئی ہے اور اس کے انڈیکس کو 175 میں سے 126 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے جو 1995ء کے بعد سے اب تک سب سے بڑی کامیابی ہے یہ سب کچھ نیب کی کاوشوں سے ممکن ہوا ہے۔ پلڈاٹ کی رپورٹ میں بھی نیب پر عوام کی ایک بڑی تعداد نے اعتماد کا اظہار کیاہے ۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ آسٹریلیا کی وفاقی پولیس کی معاونت سے نیب اسلام آباد/راولپنڈی میں پہلی فورینزک سائنس لیبیارٹری بھی قائم کی گئی ہے۔ لیبارٹری میں ڈیجیٹل فورینزک ، کاغذات اور انگلیوں کے نشانات کے تجزیہ کی سہولت دستیاب ہے۔ نیب کو یو این او ڈی سی نے بھی آلات کی فراہمی کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اپنے ملازمین کی استعداد کار میں بہتری کیلئے اسلام آباد میں اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :